اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری پر زور


نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران علاقائی و عالمی صورتحال اور پاکستان ایران تعلقات پر گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور ایران کے تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زیر التوا علاقائی مسائل کے حل، کشیدگی میں اضافے کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

علاقائی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے زور دیا کہ زیر التوا مسائل کے حل، کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے اور پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل ذرائع ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دل چسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے علاقائی صورتِ حال میں ہونے والی پیش رفت اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں رہنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران ہونے والی نتیجہ خیز مشاورت، پاکستان کی جانب سے گرم جوش مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور رابطوں کے فروغ سمیت ای سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles