شی جن پنگ، ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات؛ کون سے عالمی معاملات زیرِ غور آئیں گے؟

چین کے صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جمعرات کو چین کے جنوبی شہر شینزن میں ملاقات کریں گے۔ یہ تاریخ کا پہلا موقع ہوگا جب چین، روس اور امریکا کے صدور ایک ہی میز پر باضابطہ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے پیر کو نیوز بریفنگ کے دوران تینوں رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ چینی، روسی اور امریکی سربراہانِ مملکت کے درمیان پہلی آمنے سامنے ملاقات ہوگی۔‘

انہوں نے ملاقات کے ایجنڈے کے حوالے سے مختصراً بتایا کہ تینوں رہنما عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں اسٹریٹجک استحکام کو فروغ دینے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ چین، امریکا اور روس کے صدور کی ملاقات جمعرات کو چین کے جنوبی شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ہے۔

اس سے قبل تینوں ممالک کے صدور کے درمیان مختلف مواقع پر دو طرفہ ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں تاہم تینوں سربراہانِ مملکت کے درمیان یہ تاریخ کا پہلا سہ فریقی اجلاس قرار دیا جارہا ہے۔

جوہری ہتھیاروں میں کمی پر اختلافات

امریکا چین کے تیزی سے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے اور اس بات کا مطالبہ کرتا آیا ہے کہ بیجنگ بھی جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے کسی معاہدے کا حصہ بنے۔

تاہم چین کا مؤقف ہے کہ امریکا اور روس کو پہلے اپنے بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں کمی کرنی چاہیے، اس کے بعد ہی چین کے جوہری پروگرام پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدہ فروری میں ختم ہونے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو شامل کرکے ایک بہتر معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم بیجنگ نے اس وقت تخفیفِ اسلحہ کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

رواں ہفتے چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بھی یہ معاملہ زیرِ بحث آیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امن اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے جیسے مقاصد کے حصول کے لیے اعلیٰ سطح پر بامعنی مذاکرات کی اہمیت سے اتفاق کیا تھا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کو کہا ہے کہ اگر تینوں رہنما جوہری تخفیفِ اسلحہ کے لیے سنجیدہ عزم کا اظہار کرتے ہیں تو یہ دنیا کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

فلپائن میں آسیان اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنائے جائے تو دنیا مکمل طور پر محفوظ ہو سکتی ہے۔

ٹرمپ کی ایران جنگ پر بات چیت کی خواہش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران جنگ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران جنگ ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس تاریخی ملاقات میں جوہری تخفیفِ اسلحہ سمیت متعدد معاملات پر بات چیت ہوگی۔

چین ایران کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور طویل عرصے سے اس تنازع کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں کرتا رہا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کے تہران پر حملوں سے شروع ہونے والے اس بحران کے اثرات پڑوسی ممالک تک بھی پہنچے ہیں۔ کئی ماہ سے جاری کشیدگی نے عالمی بحری تجارت کو متاثر کیا ہے اور دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمپ نے اکتوبر کے آخر میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا ایران کی فوجی صلاحیت کا بڑا حصہ تباہ کر چکا ہے، تاہم ابھی ایک یا دو اہداف سے نمٹنا باقی ہے۔

دوسری جانب چین کا کہنا ہے کہ ایران میں دوبارہ جنگ شروع ہونے سے روکنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ بیجنگ نے حالیہ ہفتوں میں مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے رہنماؤں اور سفارت کاروں کی میزبانی بھی کی ہے تاکہ متعلقہ فریقوں کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا جا سکے۔

کیا یوکرین جنگ پر بھی بات ہوگی؟

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ اور ’فرانس 24‘ کے مطابق چین، امریکا اور روس کے صدور کی ملاقات میں یوکرین جنگ کا معاملہ زیرِ بحث آنے کا امکان نسبتاً کم بتایا جا رہا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی گزشتہ ماہ کی ایک رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس ملاقات کے ذریعے یوکرین میں ماسکو کے مفادات کے مطابق معاہدہ چاہتے تھے۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ اس حساس معاملے کو چھیڑنے سے گریز کریں گے۔ امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات میں یوکرین کا معاملہ اٹھائے جانے کی توقع نہیں ہے۔

جرمنی کے صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے دعویٰ کہ یوکرین کے معاملے کو سہ فریقی مذاکرات میں شامل کرنے کی تجویز پر گفتگو کے دوران چینی صدر نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو بتایا کہ شی جن پنگ نے واضح کیا تھا کہ یوکرین جنگ یورپ کا تنازع ہے اور اس کے حل کے لیے یورپی ممالک کو بھی مذاکرات کی میز پر موجود ہونا چاہیے۔

یوکرین کو یالٹا کانفرنس جیسی صورت حال کا خدشہ

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خبردار کیا ہے کہ تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات 21ویں صدی میں ’یالٹا کانفرنس‘ جیسی صورتحال پیدا کر سکتی ہے، جس میں بڑی طاقتیں دنیا میں اپنے اپنے اثر و رسوخ کے دائرے تقسیم کر لیں۔

یالٹا کانفرنس، دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے سے قبل فروری 1945 میں ہونے والا ایک تاریخی سربراہی اجلاس تھا، جس میں تین بڑی اتحادی طاقتوں، امریکا، برطانیہ اور سوویت یونین کے سربراہان نے جنگ کے بعد کی دنیا کا نقشہ اور طاقت کی تقسیم طے کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات پر آمادگی کو روس کی بین الاقوامی تنہائی کم کرنے کی ایک اور کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یوکرین پر 2022 میں روسی حملے کے بعد ماسکو کو عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تینوں عالمی رہنماؤں کی مجوزہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول، ایران جنگ اور یوکرین تنازع سمیت کئی اہم عالمی معاملات پر بڑی طاقتوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles