
بھارتی گرینڈ ماسٹر ارجن ایریگائسی کو ٹوٹل چیس ورلڈ چیمپئن شپ ٹور پائلٹ کے گروپ مرحلے کے آخری روز اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر رساں ایجنسی ْپریس ٹرسٹ آف انڈایا‘ کے مطابق بڈاپسٹ میں جاری چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے کے آخری روز ارجن ایریگائسی کو اپنی ہم وطن آر ویشالی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹائٹل کے لیے ہونے والے مرکزی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ نہ بنا سکے۔
گروپ ڈی میں ارجن ایریگائسی آخری روز سے قبل فرانس کے میکسم واشیے لاگراو اور امریکی گرینڈ ماسٹر ہینس نیمین کے ساتھ سرفہرست پوزیشن کے لیے مقابلے میں تھے۔ انہوں نے دن کے پہلے مقابلے میں سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے آر ویشالی کو شکست دی اور گروپ میں دو پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔
تاہم دوسرے مقابلے میں صورت حال بدل گئی۔ اس بار ویشالی نے سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ارجن ایریگائسی کو شکست دے دی۔
اس نتیجے کے بعد ایریگائسی 16 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں تیسرے نمبر پر رہے، جب کہ میکسم واشیے لاگراو 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ ہینس نیمین بھی 16 پوائنٹس کے باوجود ٹائی بریکر کی بنیاد پر ایریگائسی سے آگے رہے۔
ارجن ایریگائسی نے گروپ مرحلے کے 10 مقابلوں میں چار کامیابیاں حاصل کیں، چار میچ برابر کھیلے اور دو میں انہیں شکست ہوئی۔ اس طرح وہ مرکزی چیمپئن شپ کے ٹائٹل ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے سے محروم ہوگئے، تاہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے۔
اب ان کا مقابلہ نویں سے بارہویں پوزیشن کے لیے ہونے والے ناک آؤٹ مقابلے میں نیدرلینڈز کے گرینڈ ماسٹر جورڈن وان فوریسٹ سے ہوگا۔ اس مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اپنی حتمی درجہ بندی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی گرینڈ ماسٹر آر ویشالی اور ان کے بھائی آر پرگنانندھا بھی مرکزی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پرگنانندھا گروپ بی میں آخری پوزیشن پر رہے، جب کہ ویشالی گروپ ڈی میں چھٹے نمبر پر رہیں۔ دونوں اب اپنی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے چھٹے ناک آؤٹ گروپ میں مقابلہ کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے مرکزی ٹائٹل ناک آؤٹ مرحلے کے لیے فرانس کے علی رضا فیروزجا، امریکی گرینڈ ماسٹر فیبیانو کاروانا، نیدرلینڈز کے انیش گری اور فرانس کے میکسم واشیے لاگراو نے کوالیفائی کیا ہے۔