
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں صحت، ملاقاتوں اور بنیادی حقوق سے متعلق مسائل پر اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، جس پر طارق فضل چوہدری نے ردِعمل دیتے ہوئے اسے این آر او کی کوشش قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے عمران خان کے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط کو حقائق کے منافی اور بظاہر سیاسی مقاصد کے حصول کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ماضی میں دوسروں کو این آر او لینے پر طعنے دیتے تھے، آج خود ریلیف کے طلب گار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری کردہ ان کے بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو کسی بھی قسم کا ریلیف صرف عدالتوں سے ہی مل سکتا ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں بل کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں، جس میں مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات اور شواہد موجود ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع ہونا تھی، تاہم اسے ملک ریاض سے منسلک ایک اکاؤنٹ میں منتقل کیا گیا، جس کے بدلے مبینہ طور پر بانی پی ٹی آئی کو 450 کنال اراضی بطور تحفہ ملی۔
انہوں نے جیل میں طبی سہولتوں، علاج اور دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی سے متعلق دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں ان کی پسند کا کھانا، کتابیں اور ٹیلی ویژن شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ مراعات یافتہ قیدیوں میں شامل ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان کی صحت کا ہر ہفتے مستند طبی ماہرین معائنہ کرتے اور نگرانی کرتے ہیں، جب کہ ضرورت پڑنے پر انہیں جیل سے باہر معروف طبی مراکز میں بھی لے جایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو طبی معائنے کے لیے آٹھ مرتبہ پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی صحت تسلی بخش قرار دی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے لیے لندن کے ایک ایسے ڈاکٹر کو بھی خصوصی طور پر بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں۔ طبی معائنے کے مطابق ان کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر قیدی کو مناسب طبی سہولتیں، طبی نگرانی اور قانونی حقوق کا تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے ماضی میں عمران خان کے علاج معالجے میں غفلت نہیں برتی اور آئندہ بھی کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونے دے گی۔
طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ عمران خان کی صحت جیسے حساس معاملے کو سیاسی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے ذمہ داری سے حقائق سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانیے قانونی کارروائیوں کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی کسی کو قانونی احتساب سے بچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام کھلے خط میں دعویٰ کیا کہ انہیں روزانہ 22 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں، جبکہ کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں وکلا سے صرف چار ملاقاتیں ہوئیں اور اہلِ خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی منسوخ ہوتی رہیں۔ انہوں نے بیٹوں سے فون پر بات نہ کرائے جانے اور اپنی اہلیہ کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کی شکایت بھی کی۔
عمران خان نے خط میں بروقت طبی سہولت نہ ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے اور معالجین نے برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دینے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس صاحبان سے فوری مداخلت اور طبی سہولتوں سمیت بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔