
ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ کے مستقل خاتمے اور امریکا کی جانب سے وعدے پورے نہ کیے جانے تک تک بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو اپنی جوہری تنصیبات تک دوبارہ رسائی نہیں دے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کے جائزے کے لیے سیکیورٹی خدشات دور کرنے اور امریکی وعدوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔
ٹی وی انٹرویو میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی اور سیاسی حالات سازگار نہ ہونے تک تہران کا یہ مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے قبل ایران کی جوہری تنصیبات ’آئی اے ای اے‘ کی نگرانی میں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے متعلقہ ضوابط کے تحت جوہری تنصیبات کی تفصیلات سے ایجنسی کو آگاہ کر رکھا تھا اور ان تنصیبات کی نگرانی کے لیے اس کے معائنہ کار بھی موجود تھے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے حملوں میں عالمی توانائی ایجنسی کی زیرِ نگرانی جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا، لیکن ایجنسی کے سربراہ نے ان حملوں پر مناسب مؤقف اختیار نہیں کیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئی اے ای اے دوبارہ رسائی کا مطالبہ کرنے سے پہلے ان تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان اور وہاں موجود سیکیورٹی خطرات کا جائزہ کیوں نہیں لیتی۔ ان کے مطابق اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ آیا مستقبل میں ان تنصیبات پر دوبارہ حملے ہو سکتے ہیں یا نہیں۔
کاظم غریب آبادی نے ایرانی جوہری سائنس دانوں سے متعلق معلومات لیک ہونے کے معاملے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان سائنس دانوں کے بارے میں معلومات دشمن تک کیسے پہنچیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ان خدشات کے پیشِ نظر ایران کو آئی اے ای اے کی جانب سے معائنے اور دیگر سرگرمیوں کے لیے دی جانے والی درخواستوں کا زیادہ احتیاط سے جائزہ لینا ہوگا۔
جوہری ہتھیار بنانے کے الزامات مسترد
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بارہا عائد کیے گئے جوہری ہتھیار بنانے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سے چار دہائیوں کے دوران ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی قابلِ اعتبار ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اب بھی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا رکن ہے اور اس معاہدے میں ایران کی رکنیت کو آئی اے ای اے کی رسائی سے متعلق موجودہ تنازع سے الگ سمجھا جانا چاہیے۔
ایران نے گزشتہ سال اسرائیل کے ساتھ ہونے والی 12 روزہ جنگ کے بعد عالمی توانائی ایجنسی کو جوہری تنصیبات کے معائنے سے روک دیا تھا۔ اس جنگ کے دوران امریکا نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
28 فروری کو شروع ہونے والی مشرق وسطیٰ کی حالیہ جنگ کے دوران بھی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں کے بعد سے تہران نے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو متاثرہ تنصیبات تک رسائی نہیں دی ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں امریکی فوج نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 20 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔ ایران نے اس اقدام کو ’قابلِ نفرت‘ قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی تھی۔
آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے ستمبر میں ایران کے بوشہر جوہری بجلی گھر کا دورہ کیا تھا، تاہم انہیں امریکی حملوں میں متاثر ہونے والے نطنز، فردو اور اصفہان سمیت دیگر جوہری مقامات تک رسائی نہیں دی گئی۔
کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران کی متاثرہ تنصیبات کے معائنے کے لیے ایجنسی کی درخواست کا مقصد ممکنہ طور پر امریکی ہتھیاروں کی مؤثریت کا جائزہ لینا ہے۔