مودی حکومت کو اپوزیشن کی مقبولیت کا خوف، سوشل میڈیا پر سخت پابندیاں

بھارت میں مودی حکومت کے نئے سوشل میڈیا قوانین پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ خودکار نظام کے ذریعے اس کی پوسٹس محدود کی جا رہی ہیں، جس سے عوام اور ووٹروں تک اس کی رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مودی حکومت نے فروری 2026 میں سوشل میڈیا قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے پلیٹ فارمز کو غیر قانونی قرار دیا گیا مواد 36 کے بجائے 3 گھنٹوں میں ہٹانے کا پابند بنایا۔ نئے قانون کے تحت ایک جیسے مواد کی نقول تلاش کرنے اور ہٹانے کے لیے خودکار نظام کا استعمال بھی لازم ہے۔

اس قانون کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے رواں سال جنوری سے جون کے دوران بھارت میں 54 لاکھ 40 ہزار مواد محدود کیا، جو گزشتہ 6 ماہ کے مقابلے میں 130 گنا سے زیادہ ہے۔

کانگریس کے یوتھ ونگ نے میٹا اور بھارتی حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ خودکار نظام کے ذریعے پارٹی کی پوسٹس، خصوصاً راہول گاندھی کے نام یا تصویر والے مواد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ متاثرہ پوسٹس میں سالگرہ کی مبارک باد، شادی کا دعوت نامہ اور ان کے والد کو خراج عقیدت پیش کرنے سے متعلق مواد بھی شامل ہے۔

کانگریس کا خدشہ ہے کہ ان پابندیوں سے 2027 کے اوائل میں ہونے والے ریاستی انتخابات سے قبل اسے ووٹروں تک رسائی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی نے میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج بھی کیا اور کمپنی پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مفادات کے مطابق کام کرنے کا الزام لگایا۔

دوسری جانب میٹا کا کہنا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے معاملے میں غیر جانب دار ہے اور صرف بھارتی قوانین پر عمل کر رہی ہے۔ کمپنی نے مواد محدود کرنے میں اضافے کی وجہ ایک جیسے مواد کی خودکار نشاندہی کو قرار دیا ہے، نہ کہ حکومتی درخواستوں میں اضافے کو۔

ڈیجیٹل حقوق کی تنظیم انٹرنیٹ فریڈم فاؤنڈیشن نے نئے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکار طریقے سے کی جانے والی سنسرشپ بھی سنسرشپ ہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles