
امریکا نے وینزویلا اور عراق پر تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ’اوپیک‘ سے علیحدگی کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جس کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مداخلت کرتے ہوئے واشنگٹن کو ایسا نہ کرنے پر قائل کیا۔
برطانوی خبر رساں رائٹرز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ’اوپیک‘ کے پانچ بانی ارکان میں سے دو ممالک پر تنظیم سے علیحدہ ہونے کے لیے دباؤ کے پیچھے امریکا کے اپنے عزائم موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام دونوں ممالک میں تیل کی پیداوار اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے تھے، تاہم انہیں خدشہ تھا کہ ’اوپیک‘ کی جانب سے پیداوار کی مقرر کردہ حدود ان منصوبوں میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ’اوپیک‘ کا قیام ستمبر 1960 میں عراقی دارالحکومت بغداد میں عمل میں آیا تھا۔ اس تنظیم کے قیام کا مقصد عالمی تیل کی منڈی پر مغربی تیل کمپنیوں کے غلبے کے مقابلے میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کا اختیار اور اثر و رسوخ بڑھانا تھا۔
اوپیک میں اس وقت 11 رکن ممالک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روس سمیت کئی دوسرے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر ’اوپیک پلس‘ اتحاد بھی قائم کیا گیا ہے، جو تیل کی پیداوار سے متعلق مشترکہ فیصلے کرتا ہے۔
متحدہ عرب امارات رواں سال اپریل میں ان دونوں تنظیموں سے علیحدگی کا اعلان کرچکا ہے۔
وینیزویلا پر امریکی دباؤ
وینزویلا ایران، عراق، کویت، سعودی عرب سمیت اوپیک کے بانی پانچ ممالک میں شامل ہے۔ اس کا تنظیم سے نکلنا اوپیک کی ساکھ اور اتحاد کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔
جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں وینزویلا کے حکام سے اس معاملے پر بات چیت شروع کی کہ ملک کو اوپیک چھوڑ دینا چاہیے اور وینزویلا کو تنظیم کی سالانہ رکنیت فیس ادا کرنے سے بھی روک دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں تیل کی پیداوار بحال اور اس میں اضافہ کریں تاہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے موسمِ گرما میں اس معاملے میں مداخلت کی اور ٹرمپ انتظامیہ کو وینزویلا پر مزید دباؤ نہ ڈالنے پر آمادہ کیا۔
جمعے کو امریکی فوجیوں سے خطاب میں انہوں نے وینیزویلا کے تیل پر امریکی کنٹرول کا بھی دعویٰ کیا۔
عراق کی اوپیک چھوڑنے کی تجویز
رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے رواں موسمِ گرما میں عراق کے وزیراعظم علی الزیدی سے بھی ملاقاتیں اور بات چیت کی، جس میں انہیں اوپیک سے علیحدگی پر غور کرنے کی ترغیب دی گئی۔
اس وقت امریکی تیل کمپنیاں ’ایکسن موبل‘ اور ’شیورون‘ عراق میں بڑی نئی سرمایہ کاری کے منصوبے بنا رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم الزیدی نے امریکی حکام سے گفتگو کے بعد حکومتی اجلاس میں اوپیک چھوڑنے کا امکان بھی پیش کیا۔ تاہم عراق کی وزارتِ تیل نے اس تجویز کی مخالفت کی اور وزیراعظم کو تنظیم میں برقرار رہنے کے ساتھ زیادہ پیداواری کوٹے کے حصول پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔
رپورٹ کے مطابق عراقی حکمران اتحاد کے بعض حلقے اب بھی اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کے حامی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ان تنظیموں پر سعودی عرب اور روس کا اثر و رسوخ زیادہ ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکا کو وینزویلا اور عراق دونوں پر مالی معاملات کے ذریعے اثرانداز ہونے کی خاصی گنجائش حاصل ہے۔
وینزویلا کے معاملے میں امریکا کے زیرِ کنٹرول اکاؤنٹ میں ریاستی فنڈز رکھے گئے ہیں، جن کے استعمال کے لیے عبوری حکومت کو امریکی محکمہ خارجہ سے منظوری لینا پڑتی ہے۔
دوسری جانب عراق کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی اب بھی نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک میں موجود ایک اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ یہ انتظام 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد قائم کیا گیا تھا اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال امریکا نے عراق کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اپنی حکومت میں ایران کے اثر و رسوخ کو کم نہ کیا تو اسے تیل کی آمدنی سے محروم کیا جاسکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے کئی دہائیوں پر محیط کاروباری اور سیاسی کیریئر کے دوران اوپیک کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ وہ اسے ایک ایسا کارٹیل اور اجارہ داری قرار دیتے ہیں جو دنیا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیل کی قیمتیں مصنوعی طور پر بلند رکھتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ایک دہائی میں امریکا دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے، جس کے باعث وہ اوپیک کے صارف سے عالمی تیل کی منڈی میں اس کا بڑا حریف بن گیا ہے۔