روہت شرما کو دوبارہ کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کے لیے ممبئی انڈینز نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کو دوبارہ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے، وہ 3 سال بعد قیادت سنبھالیں گے، اس سے قبل ہاردک پانڈیا یہ ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما آئی پی ایل 2027 میں ایک بار پھر ممبئی انڈینز کی جانب سے قیادت کرتے نظر آئیں گے، فرنچائز نے انہیں 3 سال بعد دوبارہ کپتان مقرر کیا ہے۔

روہت شرما نے آخری مرتبہ 2023 میں ممبئی انڈینز کی کپتانی کی تھی، اس سیزن میں ٹیم کوالیفائر 2 میں گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

روہت شرما کی بطور کپتان واپسی ہاردک پانڈیا کی پنجاب کنگز کو منتقلی کے بعد ہوئی ہے۔ ممبئی انڈینز نے گزشتہ ہفتے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ سے قبل ہاردک پانڈیا کو ارشدیپ سنگھ کے بدلے پنجاب کنگز کے حوالے کردیا تھا۔

کپتانی کے لیے دیگر نام بھی زیر غور

روہت شرما کے علاوہ ممبئی انڈینز کی قیادت کے لیے جسپریت بمراہ، سوریا کمار یادیو، تلک ورما اور نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر کے نام بھی زیر غور تھے تاہم بالآخر روہت شرما کو یہ ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کپتانی کی واپسی پر روہت شرما نے کہا کہ ممبئی انڈینز ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور اس ٹیم کی قیادت کرنا ہمیشہ ان کے لیے باعث فخر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیتا امبانی اور آکاش امبانی کے ساتھ آئندہ سیزن کے حوالے سے بات چیت خوشگوار رہی اور انہیں ٹیم کی کامیابی کا پورا یقین ہے۔

سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ وہ آئی پی ایل کے 20ویں سیزن اور آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہیں، ان کی توجہ ٹیم کے مخصوص انداز میں کرکٹ کھیلنے، مل کر مقابلہ کرنے اور شائقین کو خوشی کے لمحات فراہم کرنے پر ہوگی۔

روہت شرما کا شاندار کپتانی ریکارڈ

روہت شرما ممبئی انڈینز کی تاریخ کے سب سے زیادہ عرصے تک کپتان رہنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل اور چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں مجموعی طور پر 163 میچز میں ٹیم کی قیادت کی، جن میں ممبئی انڈینز نے 93 میچز جیتے جب کہ 70 میں اسے شکست ہوئی۔

روہت کی قیادت میں ممبئی انڈینز نے 5 مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنائی اور پانچوں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا، یہ فائنلز 2013، 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں کھیلے گئے تھے۔

ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ٹیم کی کارکردگی

آئی پی ایل 2024 سے قبل ممبئی انڈینز نے ہاردک پانڈیا کو گجرات ٹائٹنز سے حاصل کرنے کے بعد انہیں ٹیم کی قیادت سونپی تھی اور روہت شرما کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ہاردک پانڈیا کی قیادت میں 5 مرتبہ کی چیمپئن ممبئی انڈینز مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔

ٹیم 2024 کے سیزن میں آخری نمبر پر رہی، 2025 میں پلے آف مرحلے تک پہنچی لیکن کوالیفائر 2 میں پنجاب کنگز سے ہار گئی جب کہ 2026 کے سیزن میں 9ویں پوزیشن حاصل کی۔

ہاردک پانڈیا کو 2024 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی جانب سے مخالفت اور تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کی قیادت پر مسلسل سوالات اٹھتے رہے اور ان کی اپنی کارکردگی بھی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔

رپورٹ کے مطابق ہاردک نے گزشتہ سال فرنچائز کو آگاہ کیا تھا کہ وہ ٹیم سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، جس کے بعد ممبئی انڈینز نے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ارشدیپ سنگھ کے ساتھ ان کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles