کراچی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے دو روز بعد ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا


کراچی کی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں منہدم ہونے والی زیر تعمیر عمارت کے ملبے سے عادل نامی شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے جب کہ ملبے تلے موجود مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زندہ نکالے گئے عادل نے ملبے تلے اپنے دو ساتھیوں عاصم اور جبران کی موجودگی کی اطلاع دی ہے۔
حکام کے مطابق 28 سالہ عادل کراچی کے علاقے گولیمار کا رہائشی ہے اور ماربل کا کام کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عادل کے جسم پر بظاہر کوئی چوٹ یا فریکچر نہیں تھا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران بھی وہ گفتگو کر رہا تھا۔
عادل نے بتایا کہ ملبے تلے مزید دو افراد عاصم اور جبران بھی موجود ہیں۔ اس کے مطابق دونوں افراد بظاہر صحیح سلامت ہیں، تاہم بھوک کی شدت کے باعث بے ہوش ہوچکے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عاصم اور جبران کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں غیر معمولی احتیاط برتی جا رہی ہے اور بھاری مشینری استعمال کرنے کے بجائے دستی طریقے سے ملبہ ہٹانے اور افراد کی تلاش پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ عمارت کا باقی ماندہ ڈھانچہ بھی مزید منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی
زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ 14 افراد زخمی ہیں۔ اس سے قبل ریسکیو حکام نے 13 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔
یاد رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی پُل کے قریب واقع ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں 25 نومبر کو زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں منہدم ہوگئی تھیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ چھ منزلہ عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی اور گرنے سے قبل اس میں لرزش محسوس کی گئی تھی۔ حادثے کے وقت مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ اچانک دھماکے جیسی زوردار آواز آئی اور عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles