وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 28 نومبر سے 30 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 313 روپے سے کم ہو کر 312 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 28 نومبر سے 30 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 48 مرتبہ کمی اور 40 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 39 مرتبہ کمی ہوئی اور 46 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 26 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرول 1 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 313 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
گزشتہ روز 25 نومبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی، حکومت نے پیٹرول 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے سستا کیا تھا، اس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 314 روپے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 348 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
24 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کی کمی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 318 روپے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 353 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 23 نومبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 319 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹرپر برقرار رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔