پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ایسا پیغام شیئر کیا جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
اپنے پیغام میں علیزہ نے تمام لڑکیوں کو زندگی کے اہم فیصلے، خاص طور پر شادی کے بارے میں سوچ سمجھ کر قدم اٹھانے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ غلط انسان سے شادی کرنے سے پہلے اگر سو سال بھی سوچنا پڑے تو ضرور سوچو کیونکہ ایک غلط فیصلہ تمہیں ہر دن پچھتانے پر مجبور کر سکتا ہے۔
اگرچہ علیزہ سلطان نے براہ راست اپنی سابقہ شادی یا ذاتی زندگی کا ذکر نہیں کیا لیکن ان کے الفاظ نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو ماضی کی یاد دلا دی اور بیشتر نے اسے ان کی ناکام ازدواجی زندگی کا عکاس قرار دیا۔
یاد رہے کہ علیزہ سلطان نے 2018 میں فیروز خان سے شادی کی تھی، ابتدائی طور پر ان کی ازدواجی زندگی خوشگوار رہی اور اس دوران جوڑے کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوئی، 2019 میں بیٹے سلطان اور فروری 2022 میں بیٹی فاطمہ۔
تاہم بعد میں دونوں کے تعلقات کشیدہ ہو گئے اور 3 ستمبر 2022 کو باضابطہ علیحدگی اختیار کر لی گئی، اس دوران علیزہ نے گھریلو تنازعات اور دیگر ذاتی معاملات پر عدالت سے بھی رجوع کیا۔
علیزہ سلطان کا حالیہ پیغام جہاں ان کی ذاتی بصیرت کا عکاس ہے، وہیں بہت سی خواتین کے لیے ایک احساسِ ذمہ داری اور احتیاط کا پیغام بھی بن چکا ہے۔