ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی اہم ملاقات میں کیا فیصلے ہوئے؟ مشترکہ ’امن اعلامیہ‘ جاری

امریکا، چین اور روس کے صدور کے درمیان جمعرات کو ہونے والے غیر معمولی سہ فریقی سربراہی اجلاس کا مشترکہ ’امن اعلامیہ‘ جاری کر دیا گیا ہے۔

ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر شینزن میں تینوں رہنماؤں کے درمیان بند کمرہ ملاقات ایک گھنٹہ اور 20 منٹ تک جاری رہی۔

اجلاس کے آغاز پر شینزن کی جھیل کے کنارے پہاڑیوں میں واقع تاریخی ’کائلن ولا‘ میں ایک گول میز کے گرد بیٹھے دنیا کی تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہان نے اس ملاقات کو تاریخی قرار دیا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ژنہوا‘ اور روسی صدارتی دفتر ’کریملن‘ کی جانب سے جاری اعلامیے میں تینوں رہنماؤں نے مختلف امور پر اتفاق کیا ہے، تاہم چند ایران اور یوکرین جنگ جیسے اہم معاملات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔

امن اعلامیے میں کیا طے پایا؟

مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ دنیا میں جوہری جنگ نہیں ہونی چاہیے جب کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں سرکاری عہدیداروں کو حاصل سفارتی استثنیٰ کے معاملے پر بھی بات کی گئی۔ تینوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس جیسے دیگر اداروں کو اپنے دائرہ اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

اعلامیے میں ریاستوں کی رضامندی اور سرکاری عہدیداروں کے سفارتی استثنیٰ کے احترام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ دی ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ فوجداری (آئی سی سی) نے روسی صدر پیوٹن اور پانچ دیگر روسی حکام کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، جنہیں ماسکو مسترد کرتا ہے جب کہ صدر ٹرمپ بھی اس عدالت کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق بیانات دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ تینوں ممالک نے اقوامِ متحدہ میں اصلاحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کا فیصلہ

چین، امریکا اور روس نے اس ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں عالمی استحکام کے لیے توانائی کی مستحکم فراہمی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک اس حوالے سے تعاون بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اجلاس کے آغاز پر صدر پیوٹن نے بھی خوراک اور توانائی کے تحفظ کو اہم معاملات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین اور ایران کے تنازعات نے ان شعبوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

یوکرین، ایران اور تجارت پر اختلافات

یہ سہ فریقی اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس کی جانب سے یوکرین میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں اور مشرقِ وسطیٰ میں ایران پر امریکی حملوں کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔

ملاقات کے آغاز پر پیوٹن نے کہا کہ تینوں ممالک کے علاقائی تنازعات کے حل کے حوالے سے کئی مشترکہ مفادات ہیں، جن میں یوکرین کا تنازع بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کی بین الاقوامی امن اور سلامتی برقرار رکھنے میں مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تاہم مشترکہ اعلامیے میں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے کسی مخصوص معاہدے یا عملی لائحہ عمل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بِگ تھری ملاقات پر تنقید

امریکا، چین اور روس کے صدور کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے بعض ممالک نے یہ خدشات بھی ظاہر کیے ہیں کہ تینوں بڑی طاقتیں یوکرین اور یورپی ممالک کو براہِ راست مشاورت میں شامل کیے بغیر عالمی معاملات میں اپنے اثر و رسوخ کے دائرے متعین کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔

یوکرین کے اتحادی اور نیٹو کے رکن ملک پولینڈ کے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر کو دوست کہہ کر مخاطب کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

چین، امریکا اور روس کے سربراہان کا مشترکہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے جب یوکرین جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور مشرقی ایشیا میں طاقت کے توازن کے معاملات عالمی سیاست پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں عالمی اداروں میں اصلاحات، توانائی کے تحفظ اور عالمی سلامتی سے متعلق تعاون کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم ان اعلانات پر عمل درآمد اور جاری تنازعات کے حل کے حوالے سے کوئی تفصیلی طریقۂ کار سامنے نہیں آیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles