
کویت میں امریکی سفارت خانے نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو مسلح حملوں کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
کویت میں امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے مسلح حملوں اور خطے میں امریکی حکام اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں کو زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے 18 نومبر کو جاری کیے گئے سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری ممکنہ سیکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات کے لیے تیار رہیں۔
بیان کے مطابق ایران کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنا چکا ہے، جب کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں کی ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات پر حملے بھی شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں اور سفر میں شدید رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔
امریکی سفارت خانے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔ مشرق وسطیٰ آنے یا یہاں سے روانہ ہونے والے امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور سفر میں ممکنہ تبدیلیوں کے لیے متبادل منصوبہ بھی تیار رکھیں۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران، حوثی اور ایران کے حامی گروہ بیرون ملک امریکی مفادات یا امریکا اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات، کاروبار اور اداروں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فضائی حملے کی صورت میں شیشے کے دروازوں، کھڑکیوں اور گرے ہوئے ملبے سے دور رہیں، موبائل فون چارج رکھیں، مقامی میڈیا اور حکام کی ہدایات پر نظر رکھیں اور مظاہروں یا بڑے اجتماعات سے دور رہیں۔ شہریوں کو اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال براہِ راست ایئرلائن سے معلوم کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں اندراج کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں سیکیورٹی سے متعلق تازہ اطلاعات مل سکیں اور ہنگامی صورت حال میں سفارت خانہ ان سے رابطہ کرسکے۔