وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 20 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت فی لیٹر قیمت میں 1 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 322 روپے سے بڑھ کر 323 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 355 روپے فی لیٹرپر برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک دن 20 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 42 مرتبہ کمی اور 40 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 36 مرتبہ کمی ہوئی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 18 نومبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 322 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 3 روپے فی لیٹر سستا ہوا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 355 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 17 نومبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 325 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 358 روپے فی لیٹر برقرار رکھی تھی۔
16 نومبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 2،2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔