
انڈیا کے اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکنِ پارلیمان راہول گاندھی نے مودی حکومت پر ملک کا عالمی اثر و رسوخ کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی معاملات میں ایک ’سائیڈ پلیئر‘ بن کر رہ گیا ہے جب کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کروا رہا ہے۔
امریکا کی یونیورسٹی آف شکاگو میں طلبہ کے ساتھ ایک نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت کے امریکا، ایران اور روس کے ساتھ تعلقات موجود ہیں لیکن حکومت ان روابط کو سفارتی اثر و رسوخ میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ بین الاقوامی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود بھارت عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک ’سائیڈ پلیئر‘ بن کر رہ گیا ہے۔
واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں اس بات پر شدید حیرت ہے کہ پاکستان ایرانیوں اور امریکیوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے جب کہ بھارت صرف دیکھ رہا ہے۔
مودی کی عالمی رہنماؤں سے دوستی پر تنقید
راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی، بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت عالمی رہنماؤں کے ساتھ ذاتی تعلقات پر انحصار کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سیاست میں رہنماؤں کی ذاتی دوستی سے زیادہ اہم قومی مفادات، معاشی نظام اور جغرافیائی سیاسی حالات ہوتے ہیں۔
راہول گاندھی نے سوال اٹھایا کہ ’کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ جغرافیائی سیاست اس بنیاد پر چلے گی کہ کوئی شخص آپ کا دوست ہے؟ وہ ایک پورے نظام کی قیادت کر رہا ہے، اس کے پیچھے ایک مکمل معاشی نظام موجود ہے۔ وہ فیصلے اس بنیاد پر نہیں کرے گا کہ وہ آپ کو پسند کرتا ہے یا نہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ ذاتی تعلقات قائم کرنے پر اعتراض نہیں، تاہم ان کے نزدیک اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ بھارت عالمی حالات کو کس طرح سمجھتا ہے اور بین الاقوامی نظام میں اس کی اپنی جگہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب راہول گاندھی نے غیر ملکی دوروں کے دوران مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی ہو۔ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں کولمبیا کی ای آئی اے یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکمران جماعت بی جے پی پر بھارت کے جمہوری ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا تھا۔
ستمبر 2024 میں امریکا میں طلبہ سے گفتگو کے دوران بھی راہول گاندھی نے بھارت میں بے روزگاری کے بحران اور چینی مصنوعات پر انحصار پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔