
بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب مسافر کوچ اور گیس باؤزر کے درمیان تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے ہیں۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے علاقے بسول کے قریب مسافر کوچ اور گیس باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ تربت سے کراچی جارہی تھی کہ بسول کے قریب سامنے سے آنے والے گیس باؤزر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگنے سے کوچ میں سوار 8 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے جب کہ گیس باؤزر کا ڈرائیور اور کلینر بھی جان کی بازی ہار گئے، اس کے علاوہ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں جب کہ مسافر کوچ سے 8 اور گیس باؤزر سے 2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ تمام افراد کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی اورماڑہ کی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مسافر کوچ اور گیس باؤزر کو آپس میں ٹکراتے دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان میں حالیہ ٹریفک حادثات
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ کے مقام پر مسافر بس اور ویگن میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
3 جولائی کو بھی بلوچستان میں شیرانی کے علاقے دانہ سر میں المناک بس حادثے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اس وقت معاون خصوصی شاہد رند نے بتایا تھا کہ حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔
المناک بس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی بس میں سوار تھا۔ اس کے مطابق ڈرائیور نے مسافروں کو آگاہ کیے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا تھا تاہم بلوچستان کی آخری ایف سی چیک پوسٹ پر بس سے ڈیزل اتار دیا گیا۔