ایل پی جی کی قیمتوں میں 200 روپے تک کی کمی کا امکان

شدید سردی سے قبل ملک میں مائع پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی کی طلب پوری کرنے اور رسد بڑھانے کے اقدامات کے تحت کراچی کے پورٹ قاسم پر چھ روز کے دوران ایل پی جی کے چھ بحری جہاز لنگر انداز ہوئے ہیں، جن سے 55 ہزار 417 میٹرک ٹن ایل پی جی اتاری گئی ہے اور اس کے نتیجے میں قیمتوں میں 150 سے 200 روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو پورٹ قاسم پر پہنچنے والے ایک جہاز کے ذریعے 1,621 میٹرک ٹن ایل پی جی لائی گئی، جبکہ اسی روز دوسرا جہاز وکٹوریا کوسان 4,387 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر لنگر انداز ہوا۔

اس کے بعد 16 نومبر کو پیسفک اسٹار نامی جہاز 12,115 میٹرک ٹن ایل پی جی کے ساتھ پورٹ قاسم پہنچا۔

جہازوں کی آمد کا یہ سلسلہ 17 نومبر کو بھی جاری رہا جب لیونارڈو کوسان نامی جہاز 3,877 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر کراچی پہنچا، جبکہ اسی روز الیسا ون نامی جہاز 3,551 میٹرک ٹن ایل پی جی کے ساتھ پاکستان پہنچا۔

اس کے علاوہ سی شائن نامی جہاز 21,866 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہے۔

اس وقت شہر میں ایل پی جی 480 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

شدید سردی سے قبل درآمدی کھیپوں کی آمد اور رسد میں بہتری سے مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے کی توقع ہے، جس سے صارفین کو قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان پیدا ہوا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles