والد کے استعفے کے باوجود جینسن ہوانگ کی بیٹی این ویڈیا میں اہم عہدے پر برقرار

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی بیٹی میڈیسن ہوانگ اپنے والد کے عہدہ چھوڑنے کے باوجود کمپنی میں اہم عہدے پر کام کر رہی ہیں۔ تاہم اب یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ والد کے جانے کے بعد بھی کمپنی میں ان کا اثر و رسوخ برقرار رہے گا یا نہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ میڈیسن ہوانگ این ویڈیا میں سینئر ڈائریکٹر آف پروڈکٹ مارکیٹنگ ہیں۔ جینسن ہوانگ کے کمپنی کے سربراہ رہنے کے دوران میڈیسن ان کی قریبی ساتھی تھیں اور کمپنی کے اہم معاملات میں بھی ان کی رائے کو اہمیت دی جاتی تھی۔ وہ کئی سینئر افسران کو بھی ہدایات دیتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں نئی دہلی میں ہونے والی ایک کانفرنس کی تیاریوں کے دوران میڈیسن ہوانگ کی کمپنی کے دیگر افسران سے تلخ کلامی ہوگئی تھی۔

اس کانفرنس میں جینسن ہوانگ نے شرکت کرنا تھی، لیکن انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا اور اپنی جگہ کمپنی کے سینئر افسر جے پوری کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

کانفرنس کے انتظامات مکمل نہ ہونے پر میڈیسن ناراض ہوگئیں اور ایک آن لائن اجلاس میں جے پوری سمیت دیگر ملازمین پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جے پوری نے بھی انہیں کہا کہ اگر وہ غصے میں بات کرنے کے بجائے پرسکون انداز میں گفتگو کریں تو وہ ان کے سوالات کے جواب دے سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے چھ ماہ سے بھی کم عرصے بعد جے پوری نے کمپنی چھوڑ دی۔

جینسن ہوانگ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد کولیٹ کریس کو کمپنی کی عبوری سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اب انہیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ میڈیسن ہوانگ کو کمپنی میں پہلے کی طرح اختیارات حاصل رہیں گے یا ان کی ذمہ داریاں کم کردی جائیں گی۔

جینسن ہوانگ کے بیٹے اسپینسر ہوانگ اور داماد نیکو کیپریز بھی این ویڈیا میں کام کرتے ہیں۔ نئی سربراہ کو یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ کمپنی میں ان دونوں کا کردار کیا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کے بعض سینئر افسران کو خدشہ ہے کہ میڈیسن ہوانگ اپنے والد کے ساتھ قریبی تعلق کی وجہ سے ان کے مفادات کو کمپنی کے مفادات پر ترجیح دے سکتی ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ نے گزشتہ ہفتے این ویڈیا کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان کے بارے میں ایک خاتون کمپنی افسر اور ایک کاروباری صارف کے ساتھ مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کے مطابق مذکورہ کاروباری صارف چینی انٹیلی جنس کے لیے کام کر رہا تھا۔

دوسری جانب جینسن ہوانگ کے قریبی ساتھی اور حامی انہیں دوبارہ کمپنی کا سربراہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کی واپسی کے امکان پر کہا ہے کہ انہیں اس فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

اب سب کی نظریں این ویڈیا کی نئی سربراہ پر ہیں کہ وہ میڈیسن ہوانگ اور جینسن ہوانگ کے دیگر اہل خانہ کو کمپنی میں کس حد تک ذمہ داریاں اور اختیارات دیتی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles