
پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج بھی پیپلز پارٹی کے لیے سیاسی گنجائش موجود ہے اور پارٹی کو اپنی کھوئی ہوئی جگہ دوبارہ حاصل کرنا ہوگی۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں، تاہم سیاسی جماعتیں صرف شخصیات اور ہیروز کے سہارے نہیں چل سکتیں۔ پارٹی کو مضبوط تنظیمی ڈھانچے، کارکنوں کی محنت اور نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شامل کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے رضاکارانہ نظام کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بلدیاتی انتخابات سے متعلق سوال پر فریال تالپور نے کہا کہ وہ فی الحال نشستوں کی بات نہیں کر رہیں، تاہم پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے۔
خواتین کی گرفتاریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے، مردوں کا حساب مردوں سے لیا جائے اور خواتین کو اس معاملے میں شامل نہ کیا جائے۔