امریکا کے بڑے بینکوں کی سروسز متاثر، ہزاروں صارفین رُل گئے

امریکا کے بڑے بینکوں جے پی مورگن چیز، ویلز فارگو اور بینک آف امریکا کی آن لائن اور دیگر بینکنگ سروسز میں تکنیکی خرابی کے باعث ہزاروں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بینکوں نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلہ عارضی نوعیت کا ہے اور اس کا سائبر حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پیر کی سہ پہر سے امریکی بینکوں کی مختلف سروسز میں مسائل سامنے آنا شروع ہوئے، جس کے باعث صارفین اپنے آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے، اکاؤنٹ میں موجود رقم کا بیلنس دیکھنے اور رقم کی منتقلی سمیت دیگر لین دین کرنے میں مشکلات کا شکار ہوئے۔

امریکا کے سب سے بڑے بینک جے پی مورگن چیز نے کہا ہے کہ اس کے ہارڈ ویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کی خرابی اس مسئلے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔ بینک کے مطابق اس تکنیکی خرابی کے اثرات دیگر بینکوں کی سروسز پر بھی پڑے ہو سکتے ہیں۔

چیز بینک نے اپنے صارفین کو بتایا کہ بعض لین دین مکمل ہونے میں معمول سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، تاہم صارفین اپنے اکاؤنٹس اور رقم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ بینک نے واضح کیا ہے کہ یہ مسئلہ عارضی نوعیت کا ہے اور اس کا تعلق نہ تو کسی بڑے نظام کی خرابی سے ہے اور نہ ہی سائبر حملے سے ہے۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پیر کو چیز بینک کی سروسز میں خرابی سے متعلق تقریباً 5 ہزار شکایات سامنے آئیں۔ صارفین نے آن لائن بینکنگ، رقم کی منتقلی اور دیگر سہولتوں کے متاثر ہونے کی اطلاع دی۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں چیز بینک کے ایک صارف نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ وہ پیر کے روز ڈلاس کی ایک برانچ میں چیک جمع کرانے گیا، تاہم بینک عملے نے اسے بتایا کہ اس کا لین دین مکمل نہیں ہو سکتا۔ صارف کے مطابق اس سے پہلے کاؤنٹر پر موجود ایک دوسرے شخص کو بھی بینک ملازم نے بتایا تھا کہ سسٹم کام نہیں کر رہا۔

دوسری جانب بینک آف امریکا کے صارفین کو اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ سروسز استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یو ایس بینک کے صارفین نے اپنے آن لائن اکاؤنٹس اور موبائل ایپ میں خرابی کی شکایات کیں۔

ویلز فارگو کے صارفین نے بھی اکاؤنٹس میں لاگ اِن ہونے، بیلنس دیکھنے اور مالی لین دین میں مشکلات کی اطلاع دی۔ یو ایس بینک کے بعض صارفین کو رقم منتقل کرنے میں بھی پریشانی ہوئی۔

یو ایس بینک نے کہا کہ اس کے بعض سسٹمز براہ راست متاثر نہیں ہوئے، تاہم ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل کے ذریعے رقم بھیجنے والے صارفین کو ادائیگی مکمل نہ ہونے کے پیغامات موصول ہوئے۔

زیل نے اس حوالے سے کہا کہ اس کی سروس معمول کے مطابق کام کر رہی ہے اور دیگر بینکوں میں پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں کے باعث ادائیگیوں میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ادھر ٹرسٹ، پی این سی اور کیپیٹل ون کے صارفین نے بھی سروسز میں مشکلات کی شکایات کیں، تاہم ان اداروں نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی خدمات اس مسئلے سے متاثر نہیں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق پیر کے روز امریکی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک چیز بینک، بینک آف امریکا اور یو ایس بینک کی سروسز میں خرابی سے متعلق شکایات کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متعدد صارفین کے لیے صورت حال بہتر ہو رہی تھی۔

یہ تکنیکی مسائل ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا میں حالیہ دنوں کے دوران مختلف شعبوں کو بھی بڑے سسٹم اور نیٹ ورک مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پیر ہی کے روز امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز نے بھی اپنے سسٹم میں بڑے پیمانے پر خرابی کی تصدیق کی تھی، جس کے باعث روانگی کے لیے تیار پروازیں متاثر ہوئیں۔ ایئرلائن نے اسے تکنیکی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس کا تعلق سائبر سکیورٹی سے نہیں ہے۔ یہ خرابی چند گھنٹوں میں دور کر دی گئی اور دیگر ایئرلائنز پر اس کے اثرات سامنے نہیں آئے۔

اس سے قبل جمعے کو امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ٹیلی کمیونیکیشن اور نیٹ ورک اپ گریڈ کے مسائل کے باعث ملک بھر میں تمام پروازیں روکنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا تھا۔ یہ پابندی چار گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت تک برقرار رہی، تاہم اس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا اور اس کے اثرات بعد میں بھی دیکھنے میں آئے۔

رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز اور بینکوں میں پیش آنے والی خرابیاں الگ الگ واقعات ہیں، تاہم امریکا میں مختلف شعبوں میں مسلسل سامنے آنے والی تکنیکی رکاوٹوں نے صارفین اور مسافروں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles