
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے نام لکھے گئے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے اسے مکافات عمل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی مخالفین کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والے آج خود طبی سہولیات کی دہائی دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جانی اپنے بیان میں عمران خان کے لیے صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان کے ماضی کے طرزِ عمل پر شدید تنقید کی۔
خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مکافاتِ عمل بھی کیا چیز ہے، وقت کا پہیہ گھوم کر اسی دہلیز پر آ کھڑا ہوا ہے اور کل تک جیل میں قید مخالفین کی بیماریوں پر طنز کرنے اور سختیوں کے دعوے کرنے والوں کو آج اپنی تقریریں ضرور یاد آتی ہوں گی۔
انہوں نے اپنا ذاتی واقعہ بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قید کے دوران جب جناح اسپتال میں ان کا ہرنیا کا آپریشن ہوا تھا، تو عمران خان نے اس کی تصدیق اور ویڈیو بنانے کے لیے مبینہ طور پر ایک ڈاکٹر کی ڈیوٹی لگائی تھی تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آپریشن واقعی ہو رہا ہے یا کوئی ڈرامہ ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کو دوسروں کی بیماریوں کا تمسخر اڑانے پر اللہ سے معافی مانگنی چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام ارسال کردہ اپنے کھلے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 70 سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی مہم چلائی جا رہی ہے اور انہیں روزانہ 22 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہیں اہلخانہ اور وکلا سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، گزشتہ ایک سال میں وکلا سے محض 4 مرتبہ ملاقات کرائی گئی، جبکہ ان کے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی اور مطالعے کی کتابیں و ٹیلی ویژن کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔
اپنی صحت کے حوالے سے عمران خان نے خط میں لکھا کہ مسلسل تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو شدید متاثر کیا ہے اور ان کی اہلیہ کو بھی اسی طرح قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود انہیں بروقت طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور ان کا بلڈ پریشر 130 سے بڑھ کر 193 تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث معالجین کے مطابق انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔
قانونی معاملات کا ذکر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی کہ القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر غیر معمولی ترجیح دی جا رہی ہے جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
خط کے اختتام پر انہوں نے چیف جسٹس صاحبان سے استدعا کی ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق بنیادی انسانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ حکومتی حلقوں کی جانب سے ماضی میں جیل قواعد و ضوابط کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا مؤقف اختیار کیا جاتا رہا ہے۔