
بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے داغے گئے متعدد ڈرون طیاروں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
بحرین کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق یہ کارروائی منگل کے روز اس وقت کی گئی جب ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور یعنی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کے عیسیٰ ایئر بیس پر نصب امریکی ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے ’آئی آر آئی بی‘ کی جانب سے جاری کردہ پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی خطے میں امریکی افواج کی مبینہ معاندانہ سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
دوسری جانب حملے کے دوران بحرینی دارالحکومت منامہ کی فضا دھماکوں سے گونج اٹھی، اور شہریوں کو موبائل فون پر ممکنہ خطرے کے حوالے سے ہنگامی الرٹ موصول ہوئے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے شہریوں کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، تاہم کچھ دیر بعد صورتحال معمول پر آنے اور خطرے کے ٹل جانے کا پیغام جاری کر دیا گیا، جبکہ وزارت نے واضح کیا کہ احتیاطی تدابیر بدستور نافذ ہیں اور عوام محتاط رہیں۔
بحرین، جہاں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کا ہیڈ کوارٹر واقع ہے، حالیہ دنوں میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شدید سیکیورٹی خدشات کی زد میں ہے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب 28 فروری سے شروع ہونے والی امریکا، اسرائیل اور ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور اس تنازع کے اثرات پورے خلیجی خطے اور اس سے باہر تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں بحرین میں امریکی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کے متعدد ایرانی دعوے سامنے آ چکے ہیں۔
اس سے قبل اتوار کے روز بھی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کے رفاع ایئر بیس پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار سسٹم پر چھ ڈرون حملے کرنے کا کہا تھا، جبکہ جمعہ کے روز بھی ایک ابتدائی انتباہی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جسے امریکی فوج نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو ایرانی ڈرون مار گرائے گئے اور تنصیب کو کوئی نقصان یا جانی ضیاع نہیں ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جمعہ کے روز سے خطے میں جنگی حکمتِ عملی اور کارروائیوں کے انداز میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے اور ایران اپنی عسکری رکاوٹ کی صلاحیت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
تہران کا مؤقف ہے کہ بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر کارروائی کسی ایک حملے کا ردعمل نہیں بلکہ ایران کی فضائی حدود کی مسلسل مبینہ خلاف ورزیوں کا جواب ہے، جبکہ بحرینی حکام کی جانب سے ملک کی فضائی حدود اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔