آن لائن فراڈ اور فحش مواد بنانے والے 284 غیر ملکیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے آن لائن فراڈ اور فحش مواد بنانے والے تمام گرفتار 284 غیرملکی باشندوں کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلازہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کرکے خصوصی پرمٹ جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق تمام غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے، تمام 284 غیر ملکیوں کو 15 روز کے اندر پاکستان سے واپس بھیج دیا جائے گا، غیر ملکیوں کو اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اسلام آباد سے گرفتار افراد میں اکثریت ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی ہے، ان میں سے زیادہ تر غیر ملکی سیاحتی یا وزٹ ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کیے گئے تھے جب کہ ملک بدر کیے جانے والے غیرملکیوں کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے تھے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرتے اور رقم ہتھیاتے تھے۔حکام کے مطابق آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کے مقامی سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ لگا لیا گیا تھا جب کہ بعض سرکاری اہلکاروں کی ممکنہ معاونت کے پہلو سے بھی تحقیقات جاری تھیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ فراڈ نیٹ ورک سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے تھے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور ملک بدری کا عمل آگے بڑھایا جانا تھا۔
ایف آئی اے نے گلبرگ گرینز کے اسپارکو پلازا میں کارروائی کے دوران ان غیرملکیوں کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتار غیرملکیوں کے خلاف تحقیقات اور ملک بدری سے متعلق کارروائی مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھائی جانی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles