اہلیہ کی ناراضی اور بڑھتی مقبولیت؛ سیف علی خان کا بیان وائرل

اہلیہ کی ناراضی اور بڑھتی مقبولیت؛ سیف علی خان کا بیان وائرل

’شادی سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، نجی زندگی کو ترجیح دیتا ہوں‘

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار سیف علی خان نے کہا ہے کہ میری بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ مصروفیات پر اہلیہ کبھی ناراض بھی ہوتی ہیں جبکہ میری کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کرتی ہیں۔

حال ہی میں سیف علی خان نے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر، ازدواجی زندگی، مداحوں اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کے حوالے سے گفتگو کی۔

اداکار نے بتایا کہ جب میں نے ایک ریئلٹی شو میں شرکت کی تو میری شادی کو صرف چار ماہ ہوئے تھے، اس کے بعد مجھے اپنے کیریئر میں تیزی سے ترقی ملی اور شوٹنگ کے سلسلے میں اکثر سفر کرنا پڑتا ہے۔

سیف علی خان نے کہا کہ میری مصروفیات اہلیہ کے لیے بھی ایک نیا تجربہ تھیں تاہم وقت کے ساتھ میں نے اس طرزِ زندگی کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرلیا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ابتدا میں اہلیہ میری زیادہ مصروفیات پر قدرے ناراض ہوتی تھیں لیکن دوسری جانب وہ میری کامیابی پر خوش بھی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف بےبنیاد افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں تاہم میں اپنی نجی زندگی کو عوامی سطح پر لانا پسند نہیں کرتا۔

سیف علی خان نے بتایا کہ مجھے خاندان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں جبکہ میرے گھر والے بھی نجی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں، اسی وجہ سے میں اہلیہ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتا۔

اداکار نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ خاندان کی تصاویر شیئر کرنے سے سوشل میڈیا پر زیادہ لائیکس حاصل کیے جاسکتے ہیں تاہم فی الحال میری توجہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات اور کیریئر پر مرکوز ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles