جینسن ہوانگ کی دوبارہ تقرری پر این ویڈیا بورڈ تنقید کی زد میں

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی عہدے پر واپسی کے فیصلے پر سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ گورننس کے ماہرین نے تحفظات ظاہر کردیے ہیں۔ ناقدین کے مطابق بورڈ نے تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے ہی ہوانگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو اعلان کیا کہ امریکی حکام کے سینئر عہدیداروں سے بات چیت کے بعد اسے یقین ہے کہ جینسن ہوانگ کی دوبارہ تقرری سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں۔ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ وہ ہوانگ کی سچائی اور کمپنی کی قیادت کرنے کی صلاحیت سے مطمئن ہے۔

ہوانگ نے 12 نومبر کو شادی سے باہر تعلقات سے متعلق رپورٹس سامنے آنے کے بعد چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان رپورٹس میں ایک ایسے تعلق کا بھی ذکر تھا جس میں ایک خاتون پر چینی جاسوس ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ اس کے چند روز بعد بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہوانگ کو واپس لانے کے بجائے ان کے متبادل کی تلاش کرے گا، تاہم اب اچانک اپنا فیصلہ تبدیل کردیا ہے۔

بورڈ کے اس یوٹرن کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا کردار بھی زیر بحث آگیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق این ویڈیا کے بورڈ نے ٹرمپ اور دیگر حکام کے دباؤ کے بعد ہوانگ کی واپسی کا فیصلہ کیا، جس کا امریکی صدر نے بھی کریڈٹ لیا۔ اعلان کے بعد پیر کو کمپنی کے حصص کی قیمت میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا۔

نیویارک سٹی کے کمپٹرولر مارک لیوائن نے بورڈ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ ہوانگ واپس نہیں آئیں گے، لیکن اب بغیر کسی وضاحت کے فیصلہ یکسر تبدیل کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق قانونی اور دیگر ممکنہ ذمہ داریوں سے متعلق خدشات دور ہونے کا بھی کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔ لیوائن ایسے ریٹائرمنٹ فنڈز کے انتظام میں مدد کرتے ہیں جن کے پاس این ویڈیا کے تقریباً 50 لاکھ حصص ہیں۔

سرمایہ کار جان وان ایک نے کہا کہ ہوانگ کی واپسی سے غیر یقینی صورت حال تو کم ہوسکتی ہے، لیکن یہ فیصلہ اس امید پر کیا گیا ہے کہ مستقبل میں کمپنی کے حوالے سے مزید منفی خبریں سامنے نہیں آئیں گی۔

تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے اعتماد کا اظہار

این ویڈیا کے بورڈ نے کہا ہے کہ ہوانگ کے خلاف غیر ملکی انٹیلی جنس سرگرمیوں سے متعلق رپورٹس کی تحقیقات ایک آزاد کمیٹی جاری رکھے گی اور ہوانگ بھی اس عمل میں تعاون کریں گے۔ کمپنی نے اس مقصد کے لیے چیف کمپلائنس افسر کا نیا عہدہ بنانے سمیت دیگر اقدامات بھی کیے ہیں۔

تاہم ہینلی بزنس اسکول کی پروفیسر ندا کاکابدسے نے بورڈ کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ہوانگ کی جانب سے کمپنی کو دی گئی معلومات سے متعلق تحقیقات ابھی جاری ہیں تو ان کی سچائی پر اطمینان کا اظہار کرنا عجیب ہے۔ ان کے بقول بورڈ نے شواہد سامنے آنے سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

کاکابدسے کے مطابق بورڈ نے اپنے فیصلے کا اختیار عملاً امریکی حکومت کے حوالے کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی حکومت این ویڈیا کو چپس کی برآمد کے لائسنس جاری کرتی ہے اور اب کمپنی کے سربراہ کی واپسی کے معاملے میں بھی اس کی رائے فیصلہ کن بن گئی ہے۔ اس صورت حال سے کمپنی سیاسی طور پر حکومت پر انحصار کرنے والی بن سکتی ہے۔

مارننگ اسٹار کے ڈائریکٹر لنڈسے اسٹیورٹ نے بھی کہا کہ ہوانگ کی واپسی کے بعد یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں اہم مقام رکھنے والی کمپنی کے بڑے خطرات کی نگرانی اور انتظام کے لیے کون موزوں ہے۔ ان کے مطابق بورڈ نے ہوانگ کی دوبارہ تقرری کرتے ہوئے اس سوال کا جواب نہیں دیا۔

امریکی قانون سازوں کے تحفظات

ہوانگ کی واپسی پر امریکی کانگریس کے دونوں بڑی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ کانگریسی کمیٹیاں یکم دسمبر کو ہوانگ سے انٹرویو کریں گی۔ بعض سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ کمپنی کے بارے میں سیاسی کشمکش اس کے کاروباری معاملات پر حاوی ہوسکتی ہے۔

کیلیفورنیا میں قائم اوشن پارک اثاثہ جاتی انتظامی کمپنی کے چیف انویسٹمنٹ افسر جیمز سینٹ اوبن نے کہا کہ ہوانگ کی واپسی مکمل طور پر غیر متوقع نہیں تھی، تاہم اس سے امریکی کارپوریٹ نظام میں نگرانی اور احتساب کے معیار پر تشویش پیدا ہوتی ہے۔ ان کے مطابق بعض اعلیٰ عہدیداروں کے لیے مختلف معیار اختیار کیے جانے کا تاثر ملتا ہے۔

ہارورڈ لا اسکول کے پروفیسر لوسیئن بیبچک نے کہا کہ ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ بورڈ نے کمپنی کے سب سے بڑے حصص یافتگان کی حمایت حاصل کی ہو۔ ان کے مطابق امریکی ریگولیٹرز کی حالیہ پالیسیوں کے باعث بڑے سرمایہ کاری اداروں کے لیے کمپنیوں کے انتظامی معاملات میں رائے دینا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

بیبچک کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہوانگ سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہ ہونے کے باوجود ان کے سابقہ اقدامات کمپنی اور انہیں مہنگی تحقیقات میں الجھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حصص کی قیمت میں فوری اضافے کے بعد بورڈ اپنے فیصلے کو درست سمجھ سکتا ہے، تاہم پہلے مؤقف سے اچانک پیچھے ہٹنے پر سنگین سوالات اور خدشات برقرار ہیں۔

این ویڈیا کو امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور محکمہ انصاف کی تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔ یہ تحقیقات کمپنی کے مالیاتی حسابات اور چپس کی مبینہ اسمگلنگ سمیت مختلف معاملات سے متعلق ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles