
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت کو منگل کے روز ایک نامعلوم چیز سے نشانہ بنایا گیا، ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس عمارت پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ ریاض کے کاروباری علاقے میں واقع فلک بوس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کو نشانہ بنانے والے حملے کو ’’بزدلانہ دہشت گرد حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام جائے وقوع پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
تاہم فوجی اتحاد نے اپنے بیان میں نشانہ بننے والی عمارت کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ پی آئی ایف ٹاور کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق تین عینی شاہدین نے اے ایف پی سے گفتگو میں کی ہے۔ حکام کی جانب سے حملے کے ذمہ داروں یا نقصان کی تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔
ایک اور عینی شاہد کے مطابق علاقے میں لاؤڈ اسپیکر نصب گاڑی کے ذریعے پیدل چلنے والوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی۔ واقعے سے قبل دارالحکومت کے لیے موبائل فونز پر کوئی ہنگامی انتباہ بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو بھی ریاض کے مالیاتی ضلع میں پی آئی ایف ٹاور کو حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق اس
حملے میں ایک عمارت کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
سرکاری طور پر عمارت کا نام نہیں بتایا گیا، تاہم سول ڈیفنس کی جاری کردہ تصاویر میں پی آئی ایف ٹاور کے بیرونی حصے کو نقصان اور شیشے ٹوٹے ہوئے دکھائی دیے تھے۔
’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ حملے میں پی آئی ایف ٹاور کی ساتویں اور آٹھویں منزل سمیت کئی منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں اور عمارت کے بیرونی دھاتی حصے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ حوثی باغیوں نے گزشتہ ہفتے کے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم منگل کے تازہ واقعے پر انہوں نے کوئی دعویٰ نہیں کیا۔
385 میٹر بلند پی آئی ایف ٹاور ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جہاں سعودی اسٹاک ایکسچینج کے ہیڈکوارٹرز کے علاوہ گولڈمین سیکس سمیت متعدد عالمی کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ ان حملوں میں ہوائی اڈوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے، فوجی مقامات اور ریاض کے مالیاتی ضلع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اکتوبر میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملے میں 14 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل کر دی گئی تھیں۔
ان حملوں کے جواب میں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔