عراق میں وفاقی حکومت اور کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان تیل اور سرحدی گزرگاہوں کے انتظام پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ وزیراعظم علی الزیدی نے کردوں کے زیر انتظام تیل کے ذخائر کا انتظام وزارت توانائی کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے، جسے کردستان کے وزیراعظم مسرور بارزانی نے ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وزیراعظم کے دفتر نے منگل کو جاری بیان میں بتایا کہ یہ فیصلہ دیالی، کرکوک، صلاح الدین اور نینوا صوبوں میں واقع تیل کے ذخائر سے متعلق ہے۔ اس اقدام کا مقصد تیل کی اسمگلنگ روکنا اور قومی وسائل پر وفاقی حکومت کا اختیار یقینی بنانا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراقی حکومت نے ملک میں تیل کی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ وزیراعظم علی الزیدی نے اس نیٹ ورک میں مبینہ طور پر ملوث اعلیٰ حکام کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں۔ تحقیقات کے مطابق اس نیٹ ورک کے ذریعے تیل چوری کرکے کروڑوں ڈالر حاصل کیے جاتے رہے۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق قومی خودمختاری ناقابل تقسیم ہے اور ملکی دولت کا تحفظ ایک اہم معاملہ ہے، جس کے لیے ریاست کو ہر قسم کی اسمگلنگ روکنی ہوگی۔
دوسری جانب کردستان کے وزیراعظم مسرور بارزانی نے بغداد حکومت کے فیصلوں کو حیران کن اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں انہیں یہ تاثر ملا تھا کہ زیر التوا معاملات آئین کے مطابق حل کیے جائیں گے، تاہم اب مختلف پیغامات سامنے آ رہے ہیں۔
’رائٹرز‘ کے مطابق بغداد حکومت کے حکم میں کردستان کے علاقے کی تمام سرحدی گزرگاہوں کا انتظام بھی وفاقی سرحدی اتھارٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت شامل ہے۔ اس کے علاوہ کردستان کی علاقائی حکومت کو پابند کیا گیا ہے کہ خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات صرف وفاقی وزارت تیل کے ذریعے منظور کرائی جائیں۔

اس فیصلے کے تحت سرحدی گزرگاہوں کی اتھارٹی کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جب کہ نارتھ آئل کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل اور ان کے نائبین کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔
عراق کی وفاقی حکومت اور کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان تیل کے انتظام اور خودمختاری کے معاملات پر طویل عرصے سے اختلافات موجود ہیں۔
2017 میں کردستان میں آزادی کے حق میں ریفرنڈم بھی ہوا تھا، جس کی بغداد حکومت اور خطے کے دیگر ممالک نے مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد عراقی فورسز نے تیل کی دولت سے مالا مال شہر کرکوک سمیت کئی اہم علاقوں کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا تھا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق کردستان کی جانب سے بغداد کی منظوری کے بغیر تیل فروخت کرنے پر بھی دونوں فریقوں کے درمیان تنازع پیدا ہوا تھا، جس کے باعث ترکی کو پائپ لائن کے ذریعے تیل کی ترسیل دو سال سے زیادہ عرصے تک معطل رہی۔ فریقین کے درمیان ستمبر 2025 میں معاہدے کے بعد تیل کی ترسیل دوبارہ شروع ہوئی تھی۔
وزیراعظم علی الزیدی کی جانب سے تیل کے ذخائر اور سرحدی گزرگاہوں کا انتظام وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کے فیصلے سے بغداد اور کردستان کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔