جنگ کا دائرہ دنیا کے کسی بھی کونے تک پھیل سکتا ہے؛ سربراہ پاسدارانِ انقلاب

پاسدارانِ انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے سربراہ میجر جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی تنازع محض علاقائی جنگ نہیں رہے گا بلکہ حالات کے مطابق کسی بھی مقام تک پھیل سکتا ہے۔

ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کے روز ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل احمد واحدی نے کہا کہ ایران کے مخالفین کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ مستقبل میں ہونے والی جنگ اب صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورت حال مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے جو اپنی پوزیشنوں پر مضبوطی سے قائم ہیں اور ایران کے دفاع کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔

خطے میں امریکی موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ نے کہا کہ امریکی فوج کی خطے میں فوجی موجودگی برقرار رکھنے کا مقصد علاقائی ممالک پر قبضہ کرنا اور خطے پر تسلط جمائے رکھنا ہے۔

جنرل احمد واحدی کا یہ بیان ایران جنگ کے بعد خطے کی کشیدہ صورتحال، امریکی بحری ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز میں جاری جھڑپوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ امریکی حکام ماضی میں خطے کے ممالک کے لیے ’دودھ دینے والی گائے‘ جیسی اصطلاحات استعمال کر چکے ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ واشنگٹن خطے کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کے درپے ہے۔

جنرل احمد واحدی کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی موجودگی اس کے توسیع پسندانہ عزائم کا نتیجہ ہے اور واشنگٹن کو خطے کے ممالک کے مفادات اور ترجیحات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو اب یہ حقیقت سمجھ آجانی چاہیے کہ امریکا پر انحصار ان کی سلامتی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔

اس بیان سے محض چند ہی روز قبل جنرل احمد واحدی نے ایران کے نئے زیرِ زمین ’میزائل سٹی‘ اور ایک ہی وقت میں دو میزائل داغنے والے جدید لانچر کی نقاب کشائی کی تھی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اسی دفاعی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کے میزائلوں کی رینج پر کوئی جغرافیائی پابندی نہیں ہے۔

دوسری جانب ایرانی بحریہ نے منگل کے روز آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا دونوں آئل ٹینکر منگل کی صبح اپنے نیویگیشن سسٹم بند کر کے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں واقع ممنوعہ زون میں داخل ہوئے تھے۔ بیان کے مطابق بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ حرکت کرنے کے قابل نہیں رہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ہی ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے رپورٹ دی تھی کہ آبنائے ہرمز میں تین دیگر آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے تھے، جس کے باعث شدید دھماکے ہوئے اور بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے جہاز مالکان، کپتانوں اور شپنگ کمپنیوں کو یہ انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ امریکی فوجی تحفظ یا سیکیورٹی اسکارٹ بحری قوانین اور اس کے میری ٹائم ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ہدایات پر عمل درآمد کا نعم البدل نہیں بن سکتا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles