حوثی باغی عدن سے محض 60 کلومیٹر دور ہیں: یمنی فوج نے خطرے کی گھنٹی بجادی

یمن کی مسلح افواج نے تصدیق کی ہے کہ حوثی جنگجو حکومت کے مضبوط گڑھ اور عبوری دارالحکومت عدن سے محض 60 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکے ہیں، تاہم فوج نے عدن کے دفاع کے لیے مکمل تیاریاں کر رکھی ہیں۔

یمن کی سرکاری افواج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے ایک بریفنگ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ حوثی باغی سرکاری دارالحکومت عدن سے تقریباً 60 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس خطرے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، حوثی شہر پر حملے کے لیے تیار ہیں تاہم یمنی افواج نے بھی عدن کے دفاع کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

یہ بیان رواں ماہ حوثیوں کی حالیہ پیش قدمی کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد یمنی حکومت نے بحیرہ احمر کے قریبی علاقوں سے اپنی افواج کو واپس بلا کر عدن اور ملحقہ صوبوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے وہاں مزید نفری تعینات کی ہے۔

کرنل ماجد النزیلی نے کہا کہ عدن پر حوثیوں کا قبضہ محض ایک مفروضہ ہے اور ایسا ہرگز نہیں ہوگا، ہماری افواج اور حکومت اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ عدن کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔

صدارتی کونسل کے سربراہ کا دوٹوک مؤقف

یمن کی صدارتی کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یمنی عوام اور مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ محاذِ جنگ میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کے باوجود حوثی خطرے کا خاتمہ کر دیں گے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں نے عدن شہر کو بار بار نشانہ بنایا ہے، جن میں 15 اکتوبر کو صدارتی محل پر کیا جانے والا حملہ بھی شامل ہے جس میں یمنی فوج کے مطابق چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے اس سے قبل 2015 میں جنگ کے ابتدائی دنوں میں بھی عدن پر قبضے کی ناکام کوشش کی تھی۔

واضح رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت ملک کے بیشتر شمال مغربی علاقے اس وقت حوثیوں کے کنٹرول میں ہیں جب کہ ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقے پر صدارتی قیادت کونسل (پی ایل سی) کی حکومت ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر یمن کی حقیقی حکومت تصور کیا جاتا ہے۔

پی ایل سی کی حکومت کو سعودی عرب کی بھی حمایت حاصل ہے، اس حکومت نے صنعاء کا کںٹرول کھو دینے کے بعد سے عدن کو اپنا دارالحکومت مقرر کر رکھا ہے۔

یمن ایک دہائی سے زائد عرصے سے خانہ جنگی کا شکار ہے، رواں سال جولائی میں ایک بار پھر امریکا-ایران جنگ کے دوران حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومت کے درمیان جاری جنگ بندی ٹوٹ گئی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے جاری لڑائی میں جزیرہ نما عرب کے اس غریب ترین ملک میں 1600 سال سے زائد افراد ہلاک اور تین لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles