شیخ حسینہ کی واپسی سے قبل بنگلہ دیش میں پُرتشدد مظاہرے، محمد یونس کا گھر نذرِ آتش

بنگلہ دیش میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی اور ان کی جماعت کی احتجاجی مہم کے دوران کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور پُرتشدد واقعات پیش آئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے جمعرات کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی، جس کا مقصد حکومت کی جانب سے حسینہ کو نیا پاسپورٹ اور شناختی دستاویز جاری کرنے کی درخواست مسترد کیے جانے کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔ ہڑتال کا زیادہ اثر جنوبی اضلاع میں دیکھا گیا، جہاں عوامی لیگ کو زیادہ حمایت حاصل ہے۔

پولیس نے بتایا کہ بدھ کی شب حکمراں جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو کارکن ہلاک ہوئے۔ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں دو بی این پی ارکانِ پارلیمنٹ کے گھروں کو نقصان پہنچایا گیا اور آگ لگائی گئی، جب کہ عوامی لیگ کے حامیوں نے بعض بازاروں اور دکانوں پر بھی حملے کیے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق چھ اضلاع میں کئی بسوں اور پک اَپ گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، ریلوے لائن کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا اور دیسی ساختہ بموں کے دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

جمعرات کو ڈھاکا چٹاگانگ شاہراہ پر ایک بس اور ٹرک کو بھی نذرِ آتش کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق بس کے مسافر محفوظ رہے۔

بنگلہ دیش کے سابق عبوری رہنما اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کا آبائی گھر بھی بدھ کی رات بندرگاہی شہر چٹاگانگ میں آگ کی زد میں آگیا۔ پولیس افسر مزمل حق کے مطابق خدشہ ہے کہ عمارت کے زیریں حصے کے ایک غیر استعمال شدہ کمرے میں آتش گیر مواد پھینکا گیا تھا۔ ان کے مطابق یونس کے خاندان کے افراد عمارت کی بالائی منزلوں پر رہتے ہیں اور محفوظ ہیں۔

حکام نے کشیدگی پر قابو پانے کے لیے سات اضلاع میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی 97 پلاٹونز تعینات کردیں۔ پولیس کے مطابق ڈھاکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس سے منسلک تنظیموں سے مبینہ روابط رکھنے والے 107 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سابق وزیرِ تعلیم نور الاسلام نہید بھی شامل ہیں۔

شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ وہیں جلاوطنی کے دوران انہوں نے دسمبر میں وطن واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ عوامی لیگ نے ان کی واپسی کے مطالبے کے حق میں ایک ہفتے سے احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی تھیں۔

وزیرِ اعظم طارق رحمان نے عوامی لیگ کے رہنماؤں پر بنگلہ دیش کے خلاف سازش کا الزام عائد کیا ہے اور ایک ہمسایہ ملک کی جانب اشارہ کیا، تاہم انہوں نے بھارت کا نام نہیں لیا۔ بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles