
یوکرین کے اتحادی ملک پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کو ’دوست‘ قرار دینے پر سخت ردعمل ظاہر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے مختصر پیغام میں پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر کے اس رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا ہمیں ایسے دوستوں سے بچائے۔‘
یہ بیان چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
چین، امریکا اور روس کے صدور کے درمیان تاریخی ملاقات سے قبل امریکی صدر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
روسی صدر سے غیر رسمی ملاقات کے لیے صدر ٹرمپ کمرے میں داخل ہوئے تو دوسرے کونے میں کھڑے روسی صدر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مسکرا کر پوچھا کہ ’یہ کون ہیں؟‘ اور پھر خود ہی جواب دیا کہ ’یہ میرے دوست ہیں!‘
بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ٹرمپ نے صدر پیوٹن سے کہا کہ ’آپ سے مل کر اچھا لگا۔‘
واضح رہے کہ پولینڈ نیٹو کا رکن اور یوکرین کا ایک اہم اتحادی ملک ہے، جس کی سرحدیں روس اور یوکرین دونوں سے ملتی ہیں۔
پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسلاو سیکورسکی نے بھی ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان دوستانہ انداز پر تشویش کا اظہار کیا۔
برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق پولش وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا کہ ٹرمپ کے زیادہ قریبی دوست کون ہیں، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یا پولینڈ کے صدر؟
انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ اگر دونوں دوستوں کے مفادات میں ٹکراؤ ہوا تو ٹرمپ کس کا ساتھ دیں گے؟
برلن میں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات
پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک جمعرات کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ’کولیشن آف دی وِلنگ‘ کے اجلاس میں شریک ہیں، جس میں یوکرین کے اہم اتحادی ممالک شامل ہیں۔
اجلاس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شریک ہیں۔ یہ مذاکرات یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چین کے شہر شینزن میں ہونے والی اہم میٹنگز میں روس یوکرین جنگ کا معاملہ زیرِ بحث آنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم یوکرینی صدر کو چین میں ہونے والے کسی بھی اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا، تاہم ولادیمیر زیلنسکی برلن میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔