پاکستانی فورسز نے بحیرہ عرب میں اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی


پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بحیرہ عرب میں مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن میں اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ آپریشن میں بغیر شناخت کے ایک جہاز کو تحویل میں لیا گیا ہے جس سے 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر قانونی شراب برآمد ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق متعلقہ اداروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نگرانی اور مشترکہ سمندری گشت کے دوران بحیرہ عرب میں ایک ایسے مشکوک جہاز کو روکا جو کسی شناخت کے بغیر چل رہا تھا۔
جہاز کی تفصیلی تلاشی کے دوران اس میں سے بھاری مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد ہوئی، جسے غیر قانونی تقسیم کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا۔ مشترکہ کارروائی کے بعد مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے یہ معاملہ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق آپریشن کی کامیابی میں بروقت انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، حقیقی وقت میں رابطہ کاری اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون نے اہم کردار ادا کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کے بحری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی عکاسی کرتی ہے جب کہ متعلقہ اداروں نے ملکی سمندری حدود کے تحفظ، اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں اور بحیرہ عرب میں سمندری نگرانی مزید مؤثر بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles