
بھارت نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا تاہم میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی ٹیم کے ساتھ نامناسب رویے پر تنازع کھڑا ہوگیا تاہم واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
عمان میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا اور آپے سے باہر ہوگئے، فائنل میچ میں فتح کے نشے میں دھت بھارتی کھلاڑیوں نے تمام حدیں ہی پار کردیں۔
بھارتی کھلاڑیوں نے جشن مناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کیا، پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ گالم گلوچ پر اتر آئے اور نازیبا اشارے بھی کیے۔
میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑیوں کا جارحانہ رویہ کیمروں کی آنکھ سے نہ چھپ سکا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بھارتی کھلاڑی منل چوہان کو پاکستانی کھلاڑی حمزہ ظہور کی جانب مبینہ طور پر نامناسب اشارے کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر معاملہ بڑھا تو بھارتی کوچ کو بھی میدان میں مداخلت کرنا پڑی اور انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو روکنے کے لیے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر تحمل کا مظاہرہ کیا اور جوابی ردعمل دینے سے گریز کیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی کھلاڑیوں کے طرز عمل اور جیت کے جشن کے انداز پر سوالات اٹھائے ہیں۔