
عمان میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور یوں انڈر 19 ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت 9 ٹائٹلز کے ساتھ سب سے کامیاب ٹیم بن گئی ہے۔
بھارت نے 1989، 2003، 2012، 2013-14، 2016، 2018، 2019، 2021 اور 2026 میں ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جب کہ بھارت اور پاکستان نے 2012 میں مشترکہ طور پر ٹرافی جیتی تھی۔
اسی طرح پاکستان نے اب تک 2 مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کی ٹرافی جیتی ہے، جن میں 2012 کا مشترکہ ٹائٹل اور 2025 کی انفرادی کامیابی شامل ہے۔ بنگلہ دیش بھی 2 مرتبہ چیمپئن بن چکا ہے جب کہ افغانستان نے ایک مرتبہ ٹائٹل جیتا ہے۔
پاکستان کو 2013-14، 2017 اور اب 2026 میں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پاکستان 2025 میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بنا تھا۔
یوں ایک سال قبل بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اٹھانے والا پاکستان اس مرتبہ آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست کھا گیا جب کہ بھارت نے نویں مرتبہ ایشیا کپ جیت کر اپنی برتری مزید مستحکم کرلی۔
میچ کا فیصلہ کن مرحلہ آخری دو وکٹوں کی شراکت ثابت ہوا، منال چوہان نے 47 رنز بنائے جبکہ موہت اولوا نے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستانی ٹیم اگرچہ ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکی تاہم فائنل میں کئی نمایاں انفرادی اور ٹیم ریکارڈز قائم کیے۔
پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں 337 رنز بنائے، یہ فائنل کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے، پاکستان ہی نے 2025 کے فائنل میں 347 رنز بنائے تھے۔
فائنل میں شکست کے باوجود پاکستان نے کئی نمایاں انفرادی کارکردگیوں کا مظاہرہ کیا۔ عثمان خان نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی جب کہ عبدالقادر نے 8 چھکوں کی مدد سے 80 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان فرحان یوسف نے بھی نصف سنچری بنا کر ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔