
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے جب کہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 نومبر سے بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، کولپور، قردگاپ اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کولپور میں رات گئے سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل ہے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جب کہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔
ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 کو مقامی ٹریفک کے لیے محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ اور علاقے میں اپنا تسلط برقرار رکھنے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت فتنہ الہندوستان کو مسلسل مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے جب کہ بھارتی اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی میں دہشت گرد ڈرونز، دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی بدلتی ہوئی حکمت عملی سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انہیں کسی صورت کارروائی کی آزادی نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے سیکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، قردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ (N-40) پر معمول کے گشت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادرسپوتوں، میجرعمرمنہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم ہماری مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
اس سے قبل آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کرتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
علی خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے اور میر علی اور دتہ خیل میں کارروائیوں کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا جب کہ کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی جب کہ شہید نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔