افغان طالبان نے قندھار میں کرکٹ سے متعلق سخت پابندیاں عائد کر دیں

افغان طالبان نے صوبہ قندھار کے تمام مقامی ریڈیو اسٹیشنوں کو کرکٹ سے متعلق خبریں، خصوصی پروگرام اور میچوں کی براہِ راست کوریج نشر کرنے سے روک دیا ہے۔

افغان اخبار ہشتِ صبح ڈیلی اور فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان کے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے قندھار کے تمام مقامی ریڈیو اسٹیشنوں کو کرکٹ سے متعلق مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حکم کے تحت ریڈیو اسٹیشنوں پر کرکٹ سے متعلق خبریں، کھیل کے خصوصی پروگرام اور میچوں کی براہِ راست نشریات ممنوع قرار دی گئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکام نے اس پابندی کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی اور نہ ہی اس فیصلے کی کوئی مخصوص وجہ بتائی ہے۔

قندھار کے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایک دوسرے ریڈیو اسٹیشن کے منتظم نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے فون پر بتایا کہ فی الحال کرکٹ سے متعلق ہر قسم کا مواد نشر کرنے پر پابندی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہونے والے کھیلوں میں شامل ہے اور ماضی میں طالبان حکومت بھی اس کھیل کی حمایت کا اظہار کرتی رہی ہے۔ رواں سال اگست میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کی سالگرہ پر منعقدہ تقریبات میں کرکٹ میچوں کا انعقاد بھی شامل تھا۔

قندھار میں کرکٹ کی نشریات پر پابندی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں سامعین کی دلچسپی کے باعث قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ سے متعلق پروگراموں اور میچوں کی براہِ راست نشریات میں اضافہ ہوا تھا۔ واضح رہے کہ افغانستان کے موجودہ سپریم کمانڈر کی رہائش گاہ بھی قندھار میں واقع ہے۔

دوسری جانب طالبان حکام نے بعض کھیلوں پر پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں جن میں مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) بھی شامل ہے، جسے غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور جِم جانے پر بھی پابندی عائد ہے۔ ان ہی پابندیوں کی وجہ سے بعض ممالک کے کرکٹ بورڈز نے احتجاجاً افغان ٹیم کے ساتھ دو طرفہ یا آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ انٹرنیشنل میچز نہ کھیلنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles