
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب 14 نومبر کو شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جب کہ نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہدا کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہدا کی بہادری، لگن اور مادر وطن کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ باعث فخر رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا، شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جب کہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت فتنہ الہندوستان کو مسلسل مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ پالیسی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔