
وزیراعظم کے مشیر برائے خیبرپختونخوا امور اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ کوہاٹ میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی گولڈ مائننگ کے ذریعے روزانہ تقریباً 90 کلو سونا نکالا جاتا ہے اور اس کا 80 فیصد حصہی افغانستان اسمگل کیا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں قانونی مائننگ کے لیے جامع پالیسی تیار کر رہی ہے اور غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث کسی بھی شخص کو جواب دہی سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔
اختیار ولی خان نے سابقہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ نیا خیبرپختونخوا بنانے کے دعوے کرتے تھے، لیکن 15 سال کے دوران صوبے کے وسائل سے فائدہ اٹھانے کے باوجود عوام کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی سلسلے سونے کے ذخائر سے مالامال ہیں، لیکن ان وسائل سے صوبے اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچانے کے بجائے غیر قانونی طریقے سے سونا نکالا جاتا رہا۔
وزیراعظم کے مشیر نے دعویٰ کیا کہ کوہاٹ میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی طور پر پلیسر گولڈ نکالا جا رہا تھا اور روزانہ تقریباً 90 کلو سونا نکالا جاتا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی طور پر نکالے جانے والے سونے کا 80 فیصد افغانستان بھیجا جاتا تھا۔
اختیار ولی خان نے الزام عائد کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں کوئی بیرونی گروہ ملوث نہیں بلکہ مقامی سطح پر اس کی سرپرستی کی جا رہی تھی۔ انہوں نے سونے کی افغانستان اسمگلنگ کو جرائم اور دہشت گردی کے مبینہ گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں غیر قانونی مائننگ کے لیے پانچ اور دس سالہ لیز بھی دی گئیں، جس سے قومی خزانے اور صوبائی معیشت کو نقصان پہنچا۔
لیگی رہنما نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ سابقہ صوبائی حکومت کے دور میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی سرپرستی کے لیے یوتھ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں ایک مبینہ خارجی کمانڈر کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے کمانڈر مقامی افراد سے ماہانہ سات لاکھ روپے وصول کرتے تھے، جبکہ غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا میں قانونی مائننگ کے لیے جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے تاکہ صوبے کے معدنی وسائل کو قانونی اور شفاف طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے سے غیر قانونی مائننگ کے نیٹ ورک کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی احتساب سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔