خیبرپختونخوا میں گورنر کے اختیارات بڑھانے کا فیصلہ، آرڈی نینس صدر کو ارسال


وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کی موجودہ صورت حال میں گورنر کے اختیارات میں مزید اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کے تحت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ایمرجنسی کے دوران صوبے کے 12 خصوصی اضلاع سے متعلق بھی مزید اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر جلد آرڈیننس جاری کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس طلب ہونے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا لہٰذا مجوزہ آرڈیننس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ری شیڈول کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11 اکتوبر کو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا تھا، جس کی 15 اکتوبر کو پارلیمنٹ نے توثیق کی تھی۔
اس اقدام کے تحت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں قائم صوبائی حکومت معطل کرکے انتظامی اختیارات گورنر فیصل کریم کنڈی کے سپرد کر دیے گئے تھے۔
گورنر کی معاونت کے لیے 11 رکنی ٹیکنوکریٹ مشاورتی کونسل تشکیل دی گئی تھی، جسے عبوری کابینہ کا درجہ دیا گیا۔ یہ کونسل روزمرہ کے حکومتی امور اور پالیسی فیصلوں میں گورنر کی معاونت کرتی ہے۔
12 خصوصی اضلاع کے لیے علاقائی کونسل

وفاقی حکومت نے سابقہ فاٹا سمیت صوبے کے 12 اضلاع کے لیے خصوصی علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل بھی تشکیل دی تھی، جس کے ارکان کی تعداد 48 ہے۔
کونسل کا چیئرمین شوکت اللہ خان جبکہ وائس چیئرپرسن ملک خان مرجان کو مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے مطابق کونسل کے قیام کا مقصد مقامی جرگوں اور علاقائی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر بنانا، انتظامی شفافیت کو فروغ دینا اور مقامی مسائل کی نشاندہی کرنا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار کے ذریعے متعلقہ اضلاع کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اقدامات کیے جا سکیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles