
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اتوار کو اپنے سینئر کمانڈر سمیر ابو یونس کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں بھی شامل تھے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 53 سالہ سمیر ابو یونس ہفتے کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے علاقے المواسی میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہوئے۔ حملے میں دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے بھی سمیر ابو یونس کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جنوبی غزہ میں رات گئے فضائی حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
فوج کے مطابق وہ 15 ستمبر کو اپنے پیش رو نائل ابو عبید کی ہلاکت کے بعد رفح بریگیڈ کے کمانڈر مقرر ہوئے تھے۔
حماس کے مطابق سمیر ابو یونس نے 1991 میں القسام بریگیڈز میں شمولیت اختیار کی تھی اور رفح میں مختلف اہم عسکری ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد بریگیڈ کے کمانڈر بنے تھے۔
القسام بریگیڈز کے بیان میں انہیں تنظیم کی جنرل ملٹری کونسل کا رکن بھی قرار دیا گیا ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ اتوار کی سہ پہر خان یونس میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی تو رک گئی تھی، تاہم اسرائیلی حملے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے اور حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاملہ بھی حل نہیں ہوسکا۔
غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک کم از کم 1600 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اس دوران 5 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں تقریباً 1200 افراد کی ہلاکت کے بعد غزہ میں شروع کی گئی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔