اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے کی تیاری مکمل، نئے انتظامی ماڈل کی تجویز


وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور نیا انتظامی ماڈل متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جس کے تحت اسلام آباد کو خصوصی حیثیت یا مثالی انتظامی یونٹ بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور اس کی جغرافیائی حدود میں توسیع کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کو ایک منفرد انتظامی یونٹ بنانے، بلدیاتی نظام میں تبدیلی اور ملحقہ اضلاع کے بعض علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔
مجوزہ انتظامی ماڈل کے تحت اسلام آباد کا سربراہ میئر ہوگا جب کہ منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئے نظام کے تحت وفاقی دارالحکومت کے انتظامی اور بلدیاتی ڈھانچے میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔
منصوبے میں اسلام آباد کی موجودہ جغرافیائی حدود میں توسیع بھی تجویز کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور اور پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے بعض علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
اسی طرح ضلع مری کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے اکیاون کے بعض علاقوں کو بھی اسلام آباد کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت کی نئی انتظامی حدود کے تعین کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب گوادر اور دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کا منصوبہ ترک کردیا گیا ہے۔
مجوزہ تبدیلیوں کے تحت اسلام آباد کو وفاقی دارالحکومت کی موجودہ حیثیت کے ساتھ ایک خصوصی انتظامی یونٹ بنانے پر غور کیا جارہا ہے، جس کے لیے نیا انتظامی اور بلدیاتی ماڈل تجویز کیا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles