ربعیہ احسن قتل کیس واپس لینے کا فیصلہ نہیں کیا، بھائی خرم کی وضاحت
گھر کے ملازم نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بیڈ روم میں گولی چلنے کی آواز آئی تھی
اینکر پرسن ربعیہ احسن کے قتل کیس میں ان کے بھائی اور مقدمے کے مدعی خرم نے مقدمہ واپس لینے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا، بہن کا ناحق قتل کیسے معاف کرسکتا ہوں۔
جائے وقوعہ پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خرم نے کہا کہ ان سے منسوب کرکے چلائی جانے والی خبر درست نہیں، ہماری بہن کا قتل ہوا ہے اور اس کی دو بیٹیاں ہیں، ایسے میں قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیسے کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ راستے میں تھے کہ گھر سے فون آیا اور انہیں اطلاع دی گئی کہ ربعیہ کو قتل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اور بہنوئی ہنسی خوشی زندگی گزار رہے تھے، تاہم انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر واقعے میں ہوا کیا ہے۔
خرم نے کہا کہ وہ اپنی والدہ سے بھی گزشتہ روز سے اب تک ملاقات نہیں کرسکے کیونکہ وہ شدید صدمے کی کیفیت میں ہیں۔ ان کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرنا بھی مشکل ہے کہ ان کی بہن اب اس دنیا میں نہیں رہی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحقیقات کرکے خاندان کو بتائے کہ ان کے بہنوئی کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا۔ اگر ان کی بہن کو ناحق قتل کیا گیا ہے تو مقدمہ آگے بڑھنا چاہیے اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
خرم نے مزید بتایا کہ گھر کے ملازم نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بیڈ روم میں گولی چلنے کی آواز آئی تھی۔ پولیس پہلے ملازم کو اپنے ساتھ لے گئی تھی، تاہم بعد میں اسے واپس چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خاندان کو ابھی تک واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں، اس لیے حقائق سامنے آنا ضروری ہیں۔ بہن کے قتل کے معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔