ترکیہ کی ایران پر دوبارہ حملوں کی مخالفت؛ امریکا کو تحفظات سے آگاہ کر دیا: ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے آذربائیجان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ تنازعات کو فوجی کارروائی کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ ٹیلی فونک رابطے کے دوران انہوں نے ایران پر مزید حملوں کے حوالے سے انقرہ کے تحفظات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے رکھے ہیں۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے معاملات پھر بگاڑ کی جانب جاتے نظر آرہے ہیں لیکن ہم اس صورت حال کو روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔‘

واضح رہے ترکیہ اور ایران کی سرحدیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان علاقائی معاملات پر اختلافات کے باوجود سفارتی اور اقتصادی تعلقات برقرار ہیں۔

ترکیہ مسلسل اس مؤقف کا اظہار کرتا رہا ہے کہ ایران سے متعلق تنازعات کا حل فوجی کارروائی کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ ساتھ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جاتا ہے کہ خطے میں مزید عدم استحکام ترکیہ کی مشرقی سرحدوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران قطر جنگ کے ابتدائی دنوں سے ہی فریقین کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور اختلافات کم کرنے کے لیے تجاویز پیش کرنے میں اہم ثالث کا کردار ادا کررہا ہے۔

قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی گزشتہ ہفتے تہران کا دورہ کرنے کے بعد پیر کو واشنگٹن پہنچے ہیں جہاں ان کی صدر ٹرمپ اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات طے ہے۔

ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکا کے سامنے پیش کی گئیں شرائط میں پابندیوں کے خاتمے سمیت تمام محاذوں پر جنگ اور اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کے مطالبات شامل ہے۔

ایران نے ان مطالبات کو تسلیم کرنے کے بدلے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادگی اور جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں سے متعلق مذاکرات بعد کے مرحلے میں کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اتوار کو جی سیون (جی 7) اجلاس کے لیے پیرس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں تاحال کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی اور فی الحال کسی بڑے معاہدے کا امکان نہیں ہے۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ایران کے بعض مطالبات اشتعال انگیز اور مضحکہ خیز ہیں جن پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو امریکی اعتراضات کے جواب میں ایران کی تجاویز کا دفاع کرتے ہوئے اسے مذاکرات کی میز پر موجود سب سے معقول پیشکش قرار دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو واضح کیا تھا کہ اگر ایک مضبوط معاہدہ طے پا گیا تو ایران پر مزید حملوں کا امکان کم ہو جائے گا۔ تاہم انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوئیں تو امریکا نے پلوں سمیت مزید اہداف کی نشاندہی کر رکھی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا نے گزشتہ ہفتے ایک بار پھر ایران کے جزیرے قیشم کو نشانہ بنایا ہے جب کہ رواں ماہ آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب ایران کے حمایت یافتہ سمجھے جانے والے یمن کے حوثی گروہ کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد ایران جنگ ختم کرنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ پر اندرونِ ملک دباؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران جنگ کو انتخابات میں خراب نتائج کی وجوہات میں سے ایک قرار دے چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles