
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم میں 4 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈیبیو کرنے والے طیب عارف، محمد طہٰ اور کپتان بابر اعظم کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا ہے۔
راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے طیب عارف، عرفات منہاس، محمد طہٰ اور ثاقب خان کی صورت میں چار کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کا موقع دیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اذان اویس اور طیب عارف نے ابتدائی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اذان اویس 30 رنز بنانے کے بعد ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے پہلے ہی میچ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن بولرز پر دباؤ بڑھایا۔ طیب عارف نے محض 51 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان نے 86 رنز پر پہلی اور 90 رنز پر دوسری وکٹ گنوائی، جس کے بعد سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع ملا۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ڈیبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد طٰہٰ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ پر ایک اور اہم شراکت داری قائم کی۔
بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے، تاہم وہ 159 کے مجموعی اسکور پر ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل نے محمد طہٰ کا ساتھ دیا اور چوتھی وکٹ پر 68 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ محمد طہٰ نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔
چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کو محمد طہٰ کی وکٹ کی صورت میں 227 کے مجموعی اسکور پر چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔ محمد طہٰ نے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگ کھیلی۔
ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے پلیئنگ الیون میں چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ابتدائی سیشن میں اپنا اصل گیم کھیلنے کی کوشش کرے گی۔