لاہور میں بارش؛ اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برسات کا الرٹ جاری


ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب اور گلگت بلتستان میں وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے، جبکہ اس کے برعکس ملک کے جنوبی حصوں میں شدید گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار رہے گی۔
اسلام آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ صوبہ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ ساتھ خضدار، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ژوب اور بارکھان کے علاقوں میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور شاہراہ ریشم پر پانی جمع ہونے سے سڑک نے تالاب کی منظر کشی اختیار کر لی ہے، جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
گلیات کے علاقوں میں بارش اور شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہو گئی ہے۔ اس صورتحال پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارتی (جی ڈی اے) کی جانب سے سیاحوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ”سیاح نتھیا گلی اور ڈونگا گلی کی طرف سفر کرنے سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرناک علاقوں میں اپنی گاڑیاں ہرگز پارک نہ کریں“۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے لیے فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک گلیشیرز پگھلنے کا شدید خدشہ ہے، جس کے باعث ندیاں اور نالوں میں پانی کے بہاؤ میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، سکردو، شگر، استور اور دیامر میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ظاہر کیے ہیں، جبکہ اپر اور لوئر چترال اور ان کے ملحقہ علاقوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس پر واسا نے تمام اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
واسا کے مطابق گلشن راوی میں سب سے زیادہ 34.2 ملی میٹر اور سمن آباد میں 31.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سگیاں میں 17.4، فرخ آباد میں 11.6، اقبال ٹاؤن میں 11، لکشمی چوک میں 6.8، پانی والا تالاب میں 1.4، چوک ناخدا میں 0.4، اور ہیڈ آفس گلبرگ و نشتر ٹاؤن میں 0.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
تاہم جیل روڈ، ایئرپورٹ، اپر مال، مغلپورہ اور تاجپورہ کے علاقوں میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ لاہور میں نکاسیِ آب کی صورتحال پر واسا انتظامیہ الرٹ ہے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نکاسی آب کے اس آپریشن کی مسلسل خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، جبکہ شہر میں بارش کے پانی کو فوری صاف کرنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے واسا کی تمام فیلڈ ٹیمیں سڑکوں پر متحرک ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles