امریکی حملوں کا جواب؛ ایران نے کویت، بحرین اور اُردن میں تباہی مچا دی

ایران نے گزشتہ رات کیے گئے امریکی حملوں کے جواب میں کویت، بحرین اور اُردن میں تباہی مچا دی ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری باقاعدہ جنگ میں دسویں رات بھی شدید گولہ باری اور حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق امریکی فوج نے ایران میں مسلسل پانچ گھنٹوں تک کارروائی کی اور ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل و ڈرون لانچ سائٹس، نیز بحری، عسکری اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔

سینٹ کام نے یہ بھی بتایا کہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر ایک تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ سات دیگر جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان، چاہ بہار، قشم اور بندر عباس شدید دھماکوں سے گونج اٹھے، جبکہ خلیج فارس کے ساحل پر واقع قصبے سرک کے قریب بھی متعدد دھماکے رپورٹ ہوئے۔

اس کے جواب میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بھی شدید جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے اردن، بحرین اور کویت میں قائم امریکی عسکری تنصیبات اور اڈوں کو اپنے نشانے پر لے لیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین کے شہر محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام پر حملے کیے گئے، جبکہ رفاع شہر میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی سسٹم کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔

کویت میں احمد الجابر ایئر بیس پر امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، اور علی السالم ایئر بیس پر ایم کیو-9 ڈرون ہینگر جبکہ کیمپ عریفجان میں امریکی ہمراس میزائل سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

مزید برآں، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش پر دو آئل ٹینکروں پر حملے کیے گئے جس کے بعد ان میں ہولناک آگ لگ گئی۔

ان ایرانی حملوں کے دوران اردن، کویت اور بحرین میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، تاہم متعلقہ حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے متعدد حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا۔

عسکری اڈوں کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک میں شہری اور معاشی بنیادی ڈھانچے بھی ان حملوں کی زد میں آئے ہیں۔

بحرین کے سول ایوی ایشن افیئرز کے حکام نے بتایا کہ ”ایران نے ہماری شہری فضائی نیویگیشن کے نظام پر حملہ کیا، تاہم اس سے پروازوں کا آپریشن متاثر نہیں ہوا“۔

کویت کے سرکاری حکام نے بتایا کہ ”ایرانی حملوں نے لگاتار دوسرے دن بجلی اور پانی صاف کرنے والے پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس سے وہاں آگ لگ گئی اور مرکزی بجلی کا گرڈ متاثر ہوا“۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک نفتی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے کچھ لوگ زخمی ہوئے اور بڑا مالی نقصان ہوا۔

قطر میں بھی حکام کے مطابق جمعے کے روز دوحہ میں ایرانی میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کے دوران ان کے ملبے کے گرنے سے ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

اس کے علاوہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب کئی تجارتی اور تیل بردار جہازوں پر حملے کیے گئے ہیں، جن میں قطر کا ’الرقیات‘ اور سعودی عرب کا ’ودیان‘ نامی جہاز شامل ہے، کیونکہ تہران نے ان پر غیر مجاز راستے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ میں اب تک 17 امریکی فوجی ہلاک اور 430 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے صرف 7 جولائی کے بعد سے زخمی ہونے والے امریکی اہلکاروں کی تعداد 100 تک پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles