
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ویزا درخواست گزاروں سے فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے علی وسیم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی کے سفارت خانوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔
ملزمان نے مبینہ طور پر سفارت خانوں کے رابطہ نمبرز ہیک کرکے اپنے نمبرز پر ڈائیورٹ کر رکھے تھے، جس کے ذریعے وہ ویزا اور اپوائنٹمنٹ کے خواہشمند افراد کو دھوکا دیتے تھے۔
علی وسیم کے مطابق این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، موبائل فونز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف سفارت خانوں کی جانب سے شکایات اور رابطے کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں، جس کے نتیجے میں اس گروہ کا سراغ لگایا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار گروہ 2019 سے سرگرم تھا اور ویزا ایکسٹینشن، اپوائنٹمنٹ لینے اور سفارتی خدمات کے خواہشمند افراد کو نشانہ بنا کر فراڈ کرتا تھا۔
ملزمان نے جعلی ویب سائٹس اور سفارت خانوں جیسا ماحول بھی تیار کر رکھا تھا تاکہ شہریوں کو اصل اور جعلی نظام میں فرق محسوس نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مبینہ طور پر استعمال ہونے والی ”ٹائیکون ٹو ایف اے“ نامی ہیکنگ ایپلیکیشن کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
علی وسیم نے مزید بتایا کہ کال سینٹرز کی نگرانی اور تحقیقات کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے، تاکہ سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔