محمد یوسف اور ثناء میر کے لیے بڑا اعزاز، پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق قومی کپتان محمد یوسف اور خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل کرلیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد یوسف نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ وہ 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں 1 ہزار 788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں بھی کامیاب ہوئے تھے، جو ان کے شاندار کیریئر کا ایک نمایاں کارنامہ ہے۔

دوسری جانب ثناء میر نے 226 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2 ہزار 432 رنز بھی بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے، جو ملکی خواتین کرکٹ کی اہم کامیابیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

محمد یوسف اور ثناء میر کی شمولیت کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ کے 14 عظیم کھلاڑی اس اعزاز کا حصہ بن چکے ہیں۔

ان کھلاڑیوں میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے محمد یوسف اور ثناء میر کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کی خدمات پاکستان کرکٹ کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں اور ہال آف فیم میں ان کی شمولیت ان کی غیر معمولی کارکردگی اور قومی کرکٹ کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles