
برطانیہ کے شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ کے ہمراہ رواں ہفتے بھارت کا تین روزہ دورہ کریں گے، جہاں دونوں ممبئی میں مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔ یہ شہزادی کیٹ کا 2024 میں کینسر کے علاج کے بعد شوہر کے ساتھ پہلا بڑا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے مطابق برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ اس دورے کے دوران منگل کو ہونے والی ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 44 سالہ شہزادی کیٹ کا یہ دورہ کینسر کے علاج کے بعد ان کی سب سے اہم بیرون ملک مصروفیت ہے۔ انہیں 2024 میں کینسر کی ایک نامعلوم قسم کی تشخیص کے بعد احتیاطی کیموتھراپی دی گئی تھی۔ وہ اب مرض سے صحت یاب ہوچکی ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ بیماری کے اثرات اب بھی ان کی زندگی پر موجود ہیں۔
شہزادہ ولیم نے 2020 میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عملی حل تلاش کرنے کی غرض سے ارتھ شاٹ پرائز کا آغاز کیا تھا۔ اس انعام کے تحت ہر سال پانچ کامیاب منصوبوں کو وسعت دینے کے لیے فی منصوبہ 10 لاکھ پاؤنڈ دیے جاتے ہیں۔
کینسنگٹن پیلس کے ترجمان کے مطابق شہزادہ ولیم کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مایوسی کے بجائے امید اور ممکنہ حل کو فروغ دینا ہے۔
کرکٹ، فیشن اور فلمی شخصیات سے ملاقاتیں
ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں بھارتی کرکٹ کے سابق عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر، اداکارہ عالیہ بھٹ، اداکار رامی ملک اور برطانوی میوزک بینڈ ٹیک دیٹ بھی شریک ہوں گے۔ یہ بینڈ پہلی مرتبہ بھارت میں پرفارم کرے گا۔
شاہی جوڑا ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب کے علاوہ بھارتی کرکٹ، فیشن اور فلمی صنعت سے متعلق تقریبات میں بھی شرکت کرے گا۔
شہزادی کیٹ نے بیماری کے بعد اپنی سرکاری مصروفیات محدود کردی تھیں، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی عوامی تقریبات میں شرکت بتدریج بڑھ رہی ہے۔ 2024 کے بعد ان کا پہلا اہم غیر ملکی دورہ رواں سال مئی میں اٹلی کا تھا، جہاں انہوں نے بچوں کی ابتدائی نشوونما سے متعلق اپنے کام کے سلسلے میں دو روزہ دورہ کیا تھا۔
شہزادی کیٹ نے رواں ہفتے شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسپتال میں انہیں بتایا گیا تھا کہ صحت یابی کا عمل ہمیشہ یکساں نہیں ہوتا، اس دوران اچھے اور مشکل دونوں طرح کے دن آتے ہیں اور مکمل صحت یابی میں وقت لگتا ہے۔