جنگ میں ناکامی چھپانے کے لیے امریکہ کامیابی کا بیانیہ بنا رہا ہے، ایران

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے کامیابی کا بیانیہ پیش کر رہی ہے، جبکہ امریکی حکام ایران کے خلاف اپنی غیرقانونی جارحیت کے نتائج سے بچنے کے لیے گمراہ کن مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی حکام ایران کے خلاف اپنی غیرقانونی فوجی جارحیت کے تباہ کن انسانی، معاشی اور جغرافیائی سیاسی نتائج کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے نیا گمراہ کن بیانیہ پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1979 کا ایرانی انقلاب امریکا کے خلاف جنگ شروع کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملک کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کے لیے برپا کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی ایرانی عوام کے ذہنوں میں امریکی مداخلت، خصوصاً 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سے ہونے والی بغاوت کی تلخ یادیں تازہ تھیں۔

اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے گزشتہ 9 ماہ کے دوران دو مرتبہ سفارتی مذاکرات جاری ہونے کے باوجود ایران کے خلاف بلااشتعال فوجی کارروائیاں کیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی محاذ پر بند گلی میں پہنچ چکی ہے اور اب جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے انکار کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کے مطابق ان حملوں میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور اعلیٰ ایرانی حکام کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ خواتین اور بچوں کی بھی ہلاکتیں ہوئیں اور اہم تنصیبات تباہ ہوئیں۔

ایرانی ترجمان نے امریکہ کی جانب سے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1953 کی بغاوت کے علاوہ امریکہ نے آٹھ سالہ ایران عراق جنگ کے دوران صدام حسین کی حکومت کو سیاسی، انٹیلی جنس، فوجی اور مالی مدد فراہم کی۔ انہوں نے عراق کی جانب سے ایران کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال میں امریکی ریگن انتظامیہ کے مبینہ کردار کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے جولائی 1988 میں خلیج فارس کے اوپر ایرانی مسافر طیارے کو مار گرائے جانے کا حوالہ بھی دیا، جس میں سوار تمام 290 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ان کے مطابق امریکا نے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے، جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے اور ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کو ہلاک کرنے جیسے اقدامات بھی کیے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا تاریخ کو پیچھے لے جاکر یا جنگ کی تعریف تبدیل کرکے 28 فروری 2026 کو ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2026 کی نیشنل ویٹرنز ڈے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران 1979 کے انقلاب کے بعد سے امریکا کے خلاف جنگ کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے امریکی فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ایران کے معاملے میں جزوی نہیں بلکہ مکمل کامیابی چاہتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles